راولپنڈی (صباح نیوز)جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت مزید 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔جمعرات کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت مزید 14ملزمان پر فردجرم عائد کر دی گئی۔ وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور اور شبلی فراز پر بھی فرد جرم عائد کی گئی۔شہریار آفریدی، کنول شوذب ، شبیراعوان ، لطاسب ستی ، عمر تنویر بٹ ، تیمور مسعود ملک ، سعدعلی خان ، سکندر زیب ، فہد مسعود ، زوہیب آفریدی اور راجہ ناصر محفوظ پر بھی فرد جرم عائد کی گئی۔تمام ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا جبکہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21دسمبر تک ملتوی کردی۔