کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ہے،ہر ایشو پر بات ہوسکتی ہے،اس بات کی گارنٹی نہیں کہ کون سی بات تسلیم کریں گے اور کون سی نہیں،نہیں سمجھتا کہ کیس کے فیصلے سے مذاکرات کا عمل متاثر ہوگا۔بحرانی کیفیت میں سیاسی جماعتیں ٹیبل پر بیٹھتی ہیں تو حل نکلتے ہیں،سی ای او عارف حبیب لمیٹڈ،شاہد علی حبیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی کارکردگی بڑی اچھی ہے ماحول بہت زیادہ اچھا ہے۔ پچھلے چار مہینے میں میچول فنڈ میں 56 ارب کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔ مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے جس دن اپوزیشن کو غیر مشروط مذاکرات کی دعوت دی ۔ ایسا تو نہیں ہوسکتا انہوں نے اپنے پارٹی سے مشورہ نہ کیا ہو ، اسٹیبلشمنٹ سے مشورہ نہ کیا ہو۔سیاسی معاملات کا حل سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ہے۔ہر ایشو پر بات ہوسکتی ہے۔ اس بات کی گارنٹی نہیں کہ کون سی بات تسلیم کریں گے اور کون سی نہیں۔ہر ایشو پر ہمارا اپنا موقف ہے اور پی ٹی آئی کا اپنا موقف ہے۔ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے یہ کہہ دیا کہ مان لیں تو پھر مذاکرات کی ضرورت کیا ہے؟ مذاکراتی کمیٹی پر اسپیکر کا وزیراعظم سے رابطہ ہوا ہے۔میرا اندازہ ہے ایک آدھ روز میں معاملے پر پیش رفت ہوجائے گی۔میری اطلاع کے مطابق اسپیکر سے پی ٹی آئی کی کمیٹی کا رابطہ ہے۔یہ معاملہ2018ء سے شروع ہوتا ہے۔جن چیزوں کی وہ بات کررہے ہیں ہم وہ سب بھگت چکے ہیں۔