• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دماغ کو تازہ رکھنے کیلئے مسلسل پڑھنا اور لکھنا بہت ضروری ہے، کشور ناہید

فیصل آباد (شہباز احمد) فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے دوسرے روز کا آغاز "تخلیقی ادب کا مستقبل اور مصنوعی ذہانت" کے موضوع پر گفتگو سے ہوا۔ اس سیشن میں طاہرہ اقبال نے کہا کہ وہ مصنوعی ذہانت کو ادب کی تخلیق کے حوالے سے چیلنج نہیں سمجھتی ہیں کیونکہ حقیقی ادب بنے بنائے طریقوں سے ہٹ کر چلنے کا نام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادب تخلیق کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت انسانی کمانڈ کی محتاج ہے اور اسےکمانڈ دینے کے لئے بھی تخلیقی ذہن کا ہونا ضروری ہے۔ ناصر عباس نیر نے کہا کہ مصنوعی زہانت جن ذرائع سے معلومات حاصل کرکے ادب تخلیق کرتی ہے وہ ویب آف ٹیکسٹ ہے اور ابھی اس کے پاس دستیاب اردو کا ڈیٹا سیٹ انگریزی کے مقابلے میں کم ہے، محمد حمید شاہد نے کہا تخلیقی ادب کو مصنوعی ذہانت کا جو چیلنج درپیش ہے آنے والے وقت میں اس کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ ڈاکٹر اورنگ زیب نیازی نے کہا آرٹیفشل انٹیلیجنس تخلیق کے بنیادی عمل کو سمجھ چکی ہے، اب کتابیں "ای بکس" کی شکل میں پڑھی جا رہی ہیں۔ سیشن میں میزبان کے فرائض قاضی علی ابوالحسن نے ادا کئے۔ دوسرے سیشن کا موضوع "گیتاں دے نیناں وچ برہوں دی رڑک" تھا جس میں استاد دامن، احمد راہی، امرتا پریتم، شوکمار بٹالوی اور ہندوستان کی تقسیم کے موضوع پر گفتگو ہوئی۔ ثروت محی الدین نے کہا کہ چاروں شاعروں نے اپنے اپنے انداز میں تقسیم کے دکھ کا اظہار کیا ہے،نئی نسل اس بارے میں بہت کم جانتی ہے کہ جسے ہم آزادی کہتے ہیں اس میں یہاں لوگوں پر کتنا ظلم ہوا تھا۔ زبیر احمد نے کہا کہ استاد دامن تقسیم سے پہلے کانگریس کے جلسوں میں اپنی شاعری پڑھتے تھے تقسیم کے وقت انہیں خاص طور پر نشانہ بنایا گیا اور وہ اپنی بیوی اور بیٹے سے محروم ہو گئے لیکن جب نہرو نے انہیں کہا کہ وہ مستقل طور پر ہندوستان آ جائیں تو انہوں نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ "میں پاکستان ہی میں رہوں گا بیشک مجھے جیل میں رہنا پڑے۔" ڈاکٹر خولہ چیمہ نے کہا کہ تقسیم کے بعد شیو کمار بٹالوی کی شاعری میں رومانویت کم ہو گئی تھی اور انہوں نے اس دکھ کو زیادہ بیان کیا جو یہاں کے لوگوں پر بیتا تھا۔ اس سیشن کے میزبان ڈاکٹر توحید چٹھہ تھے۔ تیسرے سیشن میں کشور ناہید کی کتاب "بری عورت کی کتھا" کے انگریزی ترجمے "این ادر سٹوری آف دی بیڈ وومن" پر گفتگو ہوئی۔ کشور ناہید نے کہا اندھیرے ، اکیلے پن کے بعد اب انہیں بڑھاپے کا بھی کوئی ڈر نہیں ، دماغ کو تازہ رکھنے کے لئے مسلسل پڑھنا اور لکھنا بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر طاہرہ اقبال نے کہا آج کی نسل کو جو تھوڑی بہت آزادی حاصل ہے وہ کشور ناہید اور ان کے ہم عصروں کی کوششوں کا نتیجہ ہے، سیشن میں میزبان کے فرائض ڈاکٹر ناصر عباس نیئر نے ادا کئے۔ چوتھے سیشن میں "دنیا تیرا حسن یہی بدصورتی ہے" کے عنوان سے منٹو کے فن اور زندگی پر گفتگو میں ان کی بیٹیوں نصرت منٹو، نزہت منٹو، نگہت منٹو اور اصغر ندیم سید نے حصہ لیا۔
اہم خبریں سے مزید