اسلام آباد(ایوب ناصر/ خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی ، اسلام آباد میں 37وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ 17موٹر سائیکل ،20موبائل فونز ،ایک ٹرانسفارمر اورایک گائے اڑالی گئی۔تھانہ روات کے علاقہ میں عدیل سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل ،نقدی اور موبائل فون جبکہ تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں بھی ایک موبائل فون چھین لیا گیا-تھانہ روات کے علاقے اٹامک ہاؤسنگ سوسائٹی میںعائشہ ہارون کے گھر سے اہل خانہ کی عدم موجودگی میں 15لاکھ روپے مالیت کے زیورات ،ساڑھے تین لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کر لیا گیا-اسی تھانے کے علاقے بحریہ ٹاؤن میںسہیل احمد کے گھر سے موبائل ، نقدی اور لیپ ٹاپ ،تھانہ صادق آباد کے علاقہ میں عبداللہ کےکارخانے کے تالے توڑ کر50 ہزار روپے جبکہ عبدالقادر خان کا لیپ ٹاپ چوری ہوگیا ۔تھانہ دھمیال کو شہباز نے بتایا کہ چکری روڈ پر چار مسلح ڈاکوؤں نے چھرا نکال کر مجھ سے 25 ہزار روپے، موبائل فون ، شناختی کارڈ چھین لئے تھانہ نصیر آباد کے علاقہ میں عدنان لیاقت کے گھر سے دو لاکھ روپے کا سامان چوری ،تھانہ سول لائن کے علاقے گلستان کالونی میں محسن اشفاق کے گھر سے چور گھر سے 17 تولے طلائی زیورات، 4 لاکھ نقدی، موبائل فون اور لیپ ٹاپ لے کرچلتے بنے۔