• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا: صدر کے بعد قائم مقام صدر کے مواخذے کا بھی اعلان

ہان ڈک سو — فائل فوٹو
ہان ڈک سو — فائل فوٹو

جنوبی کوریا میں اپوزیشن نے قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے بھی مواخذے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں معزول صدر یون سک یول کے خلاف تحقیقات کے لیے 2 خصوصی بل پر دستخط سے انکار پر اپوزیشن نے قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے بل کی منظوری کے لیے کرسمس تک کی ڈیڈ لائن دی تھی، دونوں بلز میں معطل صدر یون کے مارشل لاء اور ان کی اہلیہ پر بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ 2 آزاد تحقیقاتی ادارے یون سک یول کے مارشل لاء اور خاتون اوّل کے مبینہ رشوت کے معاملات کی چھان بین کریں۔

قائم مقام صدر نے کابینہ اجلاس میں اپوزیشن کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے ان بلوں کے لیے دو طرفہ اتفاق رائے پر زور دیا تھا۔

اپوزیشن رہنما کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ قائم مقام صدر ہان ڈک سو کارروائیوں میں تاخیر کے ذریعے بغاوت جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ہم فوری طور پر ان کے مواخذے کی کارروائی شروع کریں گے۔

واضح رہے کہ صدر یون سک یول 14 دسمبر کو مارشل لاء کے مختصر اعلان پر پارلیمنٹ میں مواخذے کے بعد معزول کر دیے گئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید