اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نےاس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف مذموم سازشیں ناکام بنائیں گے‘دوبارہ سر اٹھانے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ملکی ترقی کے ثمرات قوم کو نہیں مل پائیں گے‘دہشت گردی کا دوبارہ سر کچلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘پاکستان درپیش چیلنجز سے سرخرو ہو کر نکلے گا‘نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر اداروں پر امریکی پابندیوں کا کوئی جواز نہیں ہے‘ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتانہیں ہوگا‘ پوری قوم اس پر یکسو اور متحد ہے‘پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا‘ جوہری پروگرام سو فیصد دفاعی مقاصد کیلئے ہے‘ قومی یکجہتی اور اتحاد کے فروغ کے لئے پی ٹی آئی کے ساتھ خلوص سے بات چیت کریں گےاور توقع ہے کہ دوسری جانب سے بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کیاجائےگا‘ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے‘امید ہے مذاکرات کی کامیابی سےملک میں امن اور معاشی استحکام آئے گا‘قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے تابع کریں اور ذاتی پسند و ناپسند کو قوم کی خاطر قربان کردیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتےہوئے کیا‘ وزیراعظم نے نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر دفاعی اداروں پر پابندیوں کو بلا جواز قرار دیتےہوئے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام جارحانہ نہیں ہے ، یہ 100 فیصد پاکستان کے دفاع اور ڈیٹرنس کیلئے ہے۔ یہ پروگرام 24 کروڑ عوام کا ہے اور ہمیں ہر چیز سے بڑھ کر عزیز ہے۔ وزیراعظم نے تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتےہوئے کہاکہ ہمیں کسی کی نیت پر شک نہیں اور امید ہے کہ مل کر ایسا حل نکالیں گے جو ملک کے بہترین مفاد میں ہو اور ملک و قوم کو اس کا فائدہ ہو‘ وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صوبوں سے مل کر تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے پارا چنار میں فرقہ وارانہ تصادم کے افسوس ناک واقعہ کو بد قسمتی قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس تصادم میں دونوں اطراف سے جانیں ضائع ہوئیں۔ وزیراعظم نے اس امرپر افسوس کا اظہار کیاکہ جب یہ قتل و غارت ہو رہی تھی تو صوبائی حکومت اسلام آباد پر چڑھائی کررہی تھی، کاش ان کے وسائل اور توانائی پارا چنار میں صرف ہوتے تو اتنا نقصان نہ ہوتا‘دہشت گردی کے ناسور کا مل کر خاتمہ کریں گے۔