• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیز کیلئے بڑا تعمیراتی پروجیکٹ بنا رہے ہیں، شرجیل میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں اور بیرونی ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک بڑے تعمیراتی پروجیکٹ کا منصوبہ بنا رہی ہے۔سندھ میں بسوں کی تیاری کے لیے ایک اسمبلی پلانٹ لگانے کے لیے چینی حکومت سے بھی بات چیت جاری ہے ،یہ باتیں سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے منگل کو ایکسپو سینٹر میں 18ویں بلڈ ایشیا انٹرنیشنل کانفرنسز اور نمائش میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے بتائیں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے بھر میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے جارحانہ انداز میں کام کر رہی ہے جس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کو راغب کرنے کے لیے کراچی میں ایک میگا کنسٹرکشن پروجیکٹ بھی شامل ہے، شرجیل میمن نے کہا کہ یہ میگا پراجیکٹ تعمیراتی شعبے سے متعلق ہے جس سے صوبے بھر میں بہت سے ہنر مند اور تعلیم یافتہ افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سندھ حکومت صوبے میں بسوں کی تیاری کے لیے ایک اسمبلی پلانٹ لگانے کے لیے چینی حکومت سے بھی بات چیت کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے عوام کے لیے ٹرانسپورٹیشن کی فوری ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ای وی کیب اسکیم متعارف کرانے اور اضافی 100 بسوں کی درآمد کے آپشنز بھی زیر غور ہیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اعتماد بحال کرنے کے لیے کاروباری ماحول اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔سندھ حکومت نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے چینی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقاتیں کیں جو مستقبل قریب میں مختلف منصوبوں کا قیام کرینگے ۔

اہم خبریں سے مزید