• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان مذاکرات کا عمل طویل تعطل کے بعد بحال ہوگیا

اسلام آباد(فاروق اقدس)پاکستان اور افغانستان کے درمیان طویل تعطل کے بعد مذاکراتی عمل بحال ہو گیا ہے اور پہلے مرحلے میں افغانستان کیلئے حال ہی میں تعینات کئے جانے والے افغان امور کے ماہر محمد صادق جنہیں دوسری مرتبہ کابل میں پاکستان کا مندوب مقرر کیا گیا ہے .

 گزشتہ روز ان کی قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور افغان وزیر داخلہ ملا سراج الدین حقانی سے ملاقات ہوئی جن میں ہمسایہ ممالک کے درمیان مسائل کو مشترکہ کوششوں کے ذریعے حل کرنے کے علاوہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں موجودہ مشترکات کا بہتر استعمال کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

پاکستان کے نمائندہ خصوصی صادق خان منگل کی شام ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں وسیع پیمانے پر بات چیت ہوئی، جس میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

دوسری طرف افغانستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ افغان وزیر خارجہ نے ملاقات میں کہا کہ ’افغانستان کی حکومت پاکستان کے ساتھ مثبت تعلقات کے لیے پرعزم ہے اور ہم دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور ٹرانزٹ شعبوں میں موجودہ مشترکات کا بہتر استعمال کر سکتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کے تبادلے کو اس وقت مزید فروغ دیا جا سکتا ہے، جب حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھے، شہریوں کے درمیان نقل و حرکت آسان ہو اور موجودہ مسائل کے حل کی کوشش کی جائے۔‘

 پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان نے افغان وزیر خارجہ کو پاکستان کے وزیر خارجہ کے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور افغانستان اور پاکستان کے درمیان مثبت تعلقات پر زور دیا۔ 

پاکستان کے نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سکیورٹی پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے اور دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور ٹرانزٹ شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانا اور مسائل حل کرنا ہے۔

اہم خبریں سے مزید