• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر جوبائیڈن کی رخصتی، نئے صدر ٹرمپ کی آمد، بھارت متحرک ہوگیا

اسلام آباد(فاروق اقدس)صدر جوبائیڈن کی رخصتی اور نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد سےقبل بھارتی وزارت خارجہ متحرک ہو گئی ہے اور ٹرمپ انتظامیہ سے خارجہ امور میں سفارتی راہ و رسم اور ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر 24سے 29دسمبر تک امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

جہاں وہ بھارت کے سفیر اور مختلف ریاستوں میں بھارتی قونصل جنرلز کے ایک اجلاس کی صدارت کریںگے جس میں انہیں ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ تعلقات آگے بڑھانے کے بارے میں بریف بھی کریں گے۔ 

بھارتی وزیرخارجہ کے ترجمان کے مطابق جے شنکر امریکی وزیرخارجہ انٹینی بلنکن اور بائیڈن انتظامیہ کے دیگر اہلکاروں کے ساتھ عالمی علاقائی سٹریٹیجک اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کرینگے۔ 

گوکہ ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ ٹرمپ کی عبوری انتظامیہ کے ارکان سے ملاقاتیں کرینگے یا نہیں تاہم ماہرین اس امکان کا بھی قیاس کر رہے ہیں کہ اگر ملاقات ہوتی ہے تو یقیناً بھارتی وزیرخارجہ کوشش کریں گے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کو بھی ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ ارسال کیا جائے۔ 

ماہرین بھارتی وزیر خارجہ کے دورے کو امریکہ میں آنے والی نئی حکومت کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں اور بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ ان کی اس ملاقات کو آخری اعلیٰ سطحی بات چیت قرار دے رہے ہیں.

 ان ماہرین کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب بائیڈن انتظامیہ رخصت پذیر ہے اور ٹرمپ انتظامیہ آنے والی ہے ایس جے شنکر کے امریکہ کے دورے کی خاصی اہمیت ہے اور درحقیقت وہ نئی امریکی انتظامیہ سے بھارت اور واشنگٹن تعلقات کے حوالے سے بامقصد اور خوشگوار فضا بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان بعض حل طلب معاملات کی سفارتی سطح پر راہ ہموار کرنے کیلئے امریکہ کےدورے پر ہیں کیونکہ جے شنکر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بہت سے دیگر ملکوں کی طرح بھارت کے بھی ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ کچھ مسائل ہو سکتے ہیں جو حل طلب ہیں۔

اہم خبریں سے مزید