• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسیحی برادری کی ترقی ہمارا ایجنڈا، حضرت عیسیٰؑ کی جائے پیدائش پر آج قتل و غارت جاری، پوری دنیا میں ان کے پیروکار خون کی ہولی ختم کرائیں، وزیراعظم

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری کی ترقی ہمارا ایجنڈا ہے، حضرت عیسیٰ ؑ کی جائے پیدائش پر آج قتل کا بازار گرم ہے، پوری دینا میں انکے پیروکار خون کی ہولی ختم کروانے کیلئے پورا زور لگائیں، بابائے قوم کا اقلیتوں کے حوالے سے یہ بیان ہمارے لئے مشعل راہ ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ وہ بدھ کو یہاں وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں کرسمس کی خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر بشپ ڈاکٹر جوزف اشرف نے کرسمس کا پیغام پڑھ کر سنایا، مسیحی بچوں نے کرسمس کے نغمے پیش کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج بدقسمتی سے حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش پر معصوم بچوں، خواتین ، بزرگوں اور نوجوانوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے، ہم نے اس دن کی مناسبت سے پوری دنیا میں جہاں بھی عیسائی بستے ہیں ملکر فلسطین میں اس خون کی ہولی کو ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرنا ہے۔انہوں نےکہاکہ حضرت عیسیٰ امن کے داعی تھے، انکے مشن کے فروغ کےلئے فلسطین میں جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری امن اور سکون سے رہ رہی ہے، ان کی قیام پاکستان اور اس کے بعد تکمیل پاکستان میں آج تک نمایاں خدمات ہیں، تعلیم اور صحت کے میدان، سرکاری اور دفاع وطن کیلئے انکی خدمات، 1965 اور 1971 کی جنگ سمیت پاکستان کیلئے انکا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

اہم خبریں سے مزید