کراچی ( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی میں اقلیتوں کیخلاف دہشت گردی ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ قائد اعظم کا پاکستان ایک سال بعد ہی ختم ہوگیا۔ مہندر پال سنگھ نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کو کچلنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کی خوشیاں ہیں اورقائداعظم کی سالگرہ بھی ہے۔ آج ہم بات کریں گے کہ کیا آج یہ وہی پاکستان ہے جو قائداعظم نے بنایا تھا۔آج کے پاکستان کو ہم قائداعظم کے نظریات کی روشنی میں دیکھیں تو کہاں کہاں بہتری کی گنجائش نظر آتی ہے۔ایس پی سنگھا پنجاب اسمبلی کے 1947ء مسیحی اسپیکر تھے۔ ایس پی سنگھا کے ووٹ کے بغیر پاکستان نہیں بن سکتا تھا۔ایس پی سنگھا کے ووٹ سے پنجاب نے پاکستان میں شمولیت کی۔کیا غیر مسلم پاکستانی اپنے آپ کو محفوظ سمجھتے ہیں؟ رہنما مسلم لیگ ن، سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت ساری باتیں تبدیل ہوچکی ہیں۔