راولپنڈی (صباح نیوز) 190ملین پاؤنڈ کیس میں اپیل کے لیے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہو سکے۔ وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری کا کہنا ہے کہ وکالت ناموں پر دستخط نہ کروا کر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے انصاف تک رسائی کے حق میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔ وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری 4 گھنٹے انتظار کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس لوٹ گئے۔ خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے وکالت نامے 25مئی کو جیل حکام کو موصول ہو چکے تھے، جیل انتظامیہ کی جانب سے مجھے عید کے بعد آنے کا کہا گیا۔خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس میں درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنا مقصود ہے۔