کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان سے طالبان کے مکس سگنلز پر اعتبار خطرناک ہوگا۔ سابق وزیر خزانہ حفیظ پاشا نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی ٹیکس حد سے زیادہ ہے، اشرافیہ کو ٹیکس کی چھوٹ دینا سیاسی ناکامی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز، پشاور ابوبکر صدیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مشکلات سے دوچار ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان سے طالبان کی حمایت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے نیت ان کی اچھی ہوسکتی ہے لیکن عملی طور پر اقدامات نہیں ہوئے ہیں جو یہ واضح کریں کہ ان کی نیت بھی نیک ہے۔ طالبان کی ٹاپ لیڈر شپ سے واضح بیان سامنے آنا چاہئے ۔ افغانستان سے طالبان کے مکس سگنلز پر اعتبار کرنا خطرناک ہوگا۔ جن بیانات پر بات ہو رہی ہے وہ میڈیا رپورٹ ہے ان کی ٹاپ لیڈر شپ سے بیان آنا چاہئے ۔ہمارا افغانستان سے معاہدہ ہوا تھا جس میں یو اے ای بھی شامل تھا جس میں تین نکات واضح تھے کہ افغانستان سے ٹی ٹی پی کی فنڈنگ ختم کی جائے گی۔