• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹریکٹ پالیسی قبول نہیں، قومی شاہراہیں بند کریں گے، ٹیچرز امیدوار

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایس بی کے شارٹ لسٹڈ امیدواروں اللہ نور بلوچ ، خالد شاہ ، جمال شاہ ، عمر ناصر ، مولا داد اور دیگر نے کہا ہے کہ کنٹریکٹ پالیسی کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ اگر15 دن کے اندر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو قومی شاہراہوں کو بند اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے ، یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر دیگر امیدوار بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فروری میں محکمہ تعلیم میں تقریباً 9ہزار خالی اسامیاں 2019 کی پالیسی کے تحت مشتہر کی گئیں لیکن موجودہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے مستقل اسامیوں پر کنٹریکٹ کی بنیاد پر پر تعیناتی کرنا چاہتی ہے جس کے خلاف گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجاً دھرنا دیاگیا ، صوبائی وزیر تعلیم و دیگر حکام کی یقین دہانی پر 15 دن کیلئے احتجاج موخر کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ 2023ء میں مشتہر اسامیوں پر ٹیسٹ لیا گیا رزلٹ آنے سے قبل معاملہ ہائیکورٹ چلا گیا جس کے بعد امیدواروں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور 24 اپریل 2024ء کو ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیاگیا حکومت کو 2019ء کی پالیسی کے تحت 3 ماہ کے اندر آرڈرز جاری کرنے کا حکم دیا گیا لیکن حکومت ٹال مٹول سے کام لے کر مستقل بنیادوں پر تعیناتیوں میں سنجیدہ نہیں ہے اگر 15 دن کے اندر مستقل بنیادوں پر تعیناتی عمل میں نہ لائی گئی تو صوبے کی قومی شاہراہوں کو بند اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کریں گے ۔
کوئٹہ سے مزید