• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: باکسنگ ڈے پر سیل، کرسمس کے بعد بھی شاپنگ کا سلسلہ جاری

لندن (سعید نیازی) کرسمس تو گزر گئی لیکن شاپنگ کا سلسلہ اب بھی نہیں تھما ہے کیونکہ کرسمس کے اگلے ہی روز باکسنگ ڈے سے سیل کا آغاز ہو جاتا ہے اور ری ٹیلرز مختلف اشیا بھاری ڈسکائونٹ کے ساتھ فروخت کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ بارکلیز بینک کی اسٹڈی رپورٹ کے مطابق صارفین کا اس سال باکسنگ ڈے پر اوسطاً 236 پائونڈ خرچ کرنے کا ارادہ تھا اور مجموعی طور پر 4.6 بلین رقم خرچ کی جانے کی پیشگوئی کی گئی تھی تھی۔ 65 فیصد صارفین کا کہنا تھا کہ وہ سیل میں اشیا کی خریداری کیلئے رقم کا بڑا حصہ آن لائن شاپنگ پر خرچ کرینگے۔ نصف صارفین کا کہنا تھا کہ مہنگائی بڑھنے کے باوجود وہ کورونا وبا سے پہلے کی نسبت 50 پائونڈ زائد خرچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسٹور پر جاکر شاپنگ کرنے کا ارادہ 25 فیصد نے ظاہر کیا، یہ تعداد گزشتہ برس کی نسبت 11 فیصد زائد تھی۔ اس برس لوگوں کا رحجان عملی طور پر کام آنے والی اور پائیدار اشیا کی خریداری کی طرف بھی مرکوز رہا۔ کچن میں استعمال ہونے والی اشیا مثلا کیٹل، ائیرفرائیر اور بلینڈر وغیرہ خریدنے کا ارادہ رکھنے والوں کی تعداد میں سات فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 24 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ کرسمس کے بعد لگنے والی سیل میںصرف ضروری اشیا ہی خریدیں گے۔ 48 فیصد نے کہا کہ وہ خود کو ملنے والے ناپسندیدہ تحائف کو آن لائن فروخت کرنے کی کوشش کرینگے۔