• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ میں توسیع اور ردوبدل، وزیراعظم نے صلاح مشورے مکمل کرلئے

اسلام آباد(محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار)وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے ضروری صلاح مشورے مکمل کرلئے ،عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سید توقیر شاہ نے وفاقی کابینہ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی وہ گزشتہ سال نومبر میں واشنگٹن میں عالمی بینک کے ہیڈ کوارٹر چلے گئے تھے،اس سے پہلے وہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری رہے تھے،توقیرشاہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کے طور پر ریٹائر ہوئےتھے، عالمی بینک میں تقرر چار سال کے لئے تھا وہ استعفے دیکر آرہے ہیں،ان کی واپسی پر کابینہ میں توسیع ہوگی ،بیرسٹر عقیل ملک، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سینیٹر طلا ل بدر چوہدری، طاہر خلیل سندھو اور حنیف عباسی کے نام ممکنہ وزرا کے طور پر لئے جارہے ہیں،وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ کی نگرانی میں وزارتی کارکردگی کے جائزے کا نظام ایوان وزیراعظم میں قائم کیا جارہا ہے،وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے ضروری صلاح مشورے مکمل کرلئے ہیں توقع ہے کہ اس سلسلے میں فیصلے پر آئندہ ماہ عمل درآمد ہوجائے گا۔ قابل اعتماد حکومتی ذرائع نے جنگ/دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نے حکمران پاکستان مسلم لیگ نون کےقائد و صدر میاں نواز شریف سے مشاورت مکمل کرلی ہے انہوں نے اس بارے میں حکومت کی حلیف جماعتوں کی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا ہے کابینہ میں اہم ترین شمولیت وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید توقیر شاہ کااضافہ ہوگی جو ان دنوں عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں انہیں گزشتہ سال نومبر میں چار سال کے لئے اس منصب پر مقرر کیا گیاتھا اور سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ان کااستعفیٰ منظور کرکے واشنگٹن میں بنک کی ذمہ داری قبول کرنےکی اجازت دیدی تھی ان کا تقرر وزیراعظم شہبازشریف پہلے ہی کرچکے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم نے کئی ہفتے قبل انہیں وطن واپس آنے اور وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کی دعوت دی تھی جسے اب انہوں نے قبول کرلیاہے۔وہ وفاقی کابینہ میں مکمل وزیر کے درجے پر فائز ہونگے انہیں وزیراعظم کامعاون خصوصی مقرر کیا جائےگا۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ فی الوقت اٹھارہ ارکان پر مشتمل ہے جبکہ حکومت کے قلم دانوں کی مجموعی تعداد 33ہے۔ دو وزرائے مملکت، تین خصوصی معاونین اور ایک مشیر وفاقی حکومت کا حصہ ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاق کابینہ کے اہم قلمدانوں میں زیادہ ردوبدل کی توقع نہیں تاہم چار سےپانچ وزرائے مملکت کو ذمہ داریاں سوپنے جانے کا امکان ہے جن ارکان پارلیمنٹ کے نام ان ذمہ داریوں کے لئے سامنے آئے ہیں ان میں بیرسٹر عقیل ملک، سینیٹر طلال بدر چوہدری، اقلیتی سینیٹر خلیل طاہر سندھو، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اورحنیف عباسی شامل ہیں۔ گزشتہ مارچ میں موجودہ مخلوط حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد وفاقی کابینہ میں یہ پہلی بڑی توسیع ہوگی اس دوران پتہ چلا ہے کہ مسلم لیگ نون کے صدر میاں نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم نے طے کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی اور کابینہ کی مجموعی استعداد کے باقاعدگی سےجائزے کا نظام بھی قائم کیا جائے گا جس کے بعد ایوان وزیراعظم سہ ماہی بنیادوں پر کارکردگی کے حوالے سے اپنا جائزہ مرتب کرےگا۔ اس ضمن میں اقتصادی امور کے وفاقی وزیر سینیٹراحد چیمہ جو اسٹیبلشمنٹ کے امور کے نگران بھی ہیں انہیں خصوصی ٹاسک سونپا جائے گا جس کے لئے باقاعدہ سیل قائم کیا جارہاہے ۔ 
اہم خبریں سے مزید