کراچی (رفیق مانگٹ) کل کیا ہوگا ؟ یہ جاننے کی تمنا کسے نہیں ہوتی، انسان روز اول سے ہی اپنے مستقبل کے جاننے کا متمنی ہے،یہ تجسس انسانی فطرت میں شامل ہے۔ صحت، تعلیم، کاروبار، صنعت کاری، نوکری، معاش، محبت وشادی، گھریلو معاملات ، زر وزمین کے معاملات میں یہ سال کیسا رہنے والا ہے؟ کیا نوکری میں ترقی ہوگی یا پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اگرکاروبار کرتے ہیں تو کیا چلے گا یا نہیں ، نجی زندگی کیسی رہے گی، محبت کے رشتوں میں کس طرح کے بدلاؤ ہوں گے،شادی شدہ زندگی خوشحال رہے گی یا پریشانیوں سے گھری رہے گی۔ کون سا ایسا وقت ہوگا کہ مالی سرمایہ کاری سے فائدہ ہوگا یا نقصان۔کیرئر کے لیے یہ سال کیسا رہے گا،کچھ لوگ کہتے ہیں کہ 2025 جوش، محبت کا سال ہے۔ دوسروں کا کہنا ہے کہ خود شناسی، اور روح سے دوبارہ جڑنے کا وقت ہو سکتا ہے۔ کچھ کہتے ہیںدلچسپ اور بڑی تبدیلیوں کا سال ہو گا۔ کچھ کا کہنا ہےکہ یہ سال ترقی، فراوانی لائے گا، جبکہ دوسروں کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ بات اٹل ہے کہ ”عالم الغیب صرف اللہ تعالیٰ ہے“یعنی غیب کا جاننے والا صرف اللہ تعالیٰ ہے۔ برج اور ستاروں کا علم کیا ہے ،اس پر مختلف آراہے ۔ ستاروں کی چال و گردشیں کس طرح سے اثرانداز ہوں گی،وقت کی آہٹ کو ذہن میں رکھ کر خود کو حالات کے سانچہ میں ڈھال سکتے ہیں۔ سن2025میں ستارے کیا چال چل رہے ہیں۔ آگے بڑھتے ہیں اور جانتے ہیں کہ آپ کے ستارے کیا کہتے ہیں؟
1۔برج حمل ( Aries)
(اکیس مارچ تا بیس اپریل )نشان برج: مینڈھا، حاکم سیارہ: مریخ، موافق برج:اسد، قوس، نا موافق برج:سرطان، میزان جدی، عنصر: آتشی
یہ سال کیرئر، معاشی اور رومانوی زندگی میں ملے جلے نتائج لا سکتا ہے۔ پہلے چھ ماہ میں کیریئر میں ترقی جبکہ بعد میں چیلنجز کا سامنا ہوگا۔ 29 مارچ سے 31 مئی تک حالات ساز گار نہیں۔ اگست کے بعد مال کا حصول ہوگا۔ آن لائن دھوکہ دہی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ سرکاری کام سے فائدہ ہو سکتا ہے۔ کاروباری افراد اچھا منافع کماتے نظرآتے ہیں ۔بیرون ملک یا غیر ملکی کمپنیوں سے وابستہ کےلئے اچھےنتائج ہوں گے۔ مئی میں معاشی حالات قدرےبہترہوں گے ۔آخری چھ ماہ احتیاط کی ضرورت ہوگی۔ غیر ملکی سفر اور نقل مکانی کا امکان ہے۔ آخری مہینوں میں آمدنی کے نئے ذرائع سامنے آئیں گے۔ سرمایہ کاری میں محتاط رہنا ہوگا۔غیر متوقع اخراجات ذہنی تناؤلائیں گے۔اکتوبر میں،اٹکے امورپر پیش رفت ہوگی۔نوکری پیشہ افراد کےلئےمارچ تک کا وقت زیادہ اچھاہے۔ اس کے بعد حد سے زیادہ دباؤ ہوسکتا ہے۔ مطلوبہ کمپنی میں نوکری کا امکان ہے۔مئی کے بعد ناپسندیدہ سفر، چوٹ، جھگڑے اورذہنی تناؤکی نشاندہی کرتا ہے ۔اپریل کے بعدصحت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ پیروں میں درد کی شکایت ہوسکتی ہے۔ بچوں کی صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔شادی شدہ افراد باہمی افہام و تفہیم اور اعتماد کے دور کی توقع کر سکتے ہیں۔ غیر شادی شدہ افراد کے لیے اپریل کے بعد شادی کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم ہوں گی۔مئی سے پہلے شادی کامیاب ہوگی۔طلباء اپنے تعلیمی مقاصد حاصل کریں گے۔رومانوی لحاظ سے سال بہتر نہیں ۔ مئی کے بعدغلط فہمیاں پیدا ہوسکتی ہیں ۔آخری چھ ماہ میں خاندان میں کشیدگی نظر آتی ہے۔خاندان کے کسی فرد کی ضد تناؤ کی وجہ بن سکتی ہے۔ تبادلے کا امکان ہے ۔زر، زمین اور گاڑی وغیرہ کے معاملوں میں زیادہ بہترنظر نہیں آرہا۔ نیا مکان یا گاڑی خریدنے کی خواہش پوری ہونے کا امکان ہے، گھر بنانےکی کوشش رنگ لائے گی۔13 جولائی سے 11 نومبر تک کام پر توجہ دیں،اس دوران کشمکش میں نظرآئیں گے۔کیریئر اور مالی اہداف پر توجہ مرکوز رکھیں، اور خلفشار سے بچیں۔جذباتی پن ،لاپرواہی اور تنازعات سے بچیں، تعلقات کو ترجیح دیں ۔
2۔برج ثور ( Taurus)
( اکیس اپریل تا بیس مئی) نشان برج: بیل، حاکم سیارہ: زہرہ، موافق برج:سنبلہ، جدی، نا موافق برج:اسد، عقرب، دلو، عنصر: خاکی
پرامن سال منتظر ہے، مستقبل کے بارے میں فکر کم ہو جائے گی،کیریئرمیں نئی امید ملے گی،اعتماد کرنے کا سال ہے ۔کیریئر کی ترقی، کاروباری کوششوں اور جائیداد کے ذریعے مالی فوائد کا امکان ہے۔ یہ سال شخصی ترقی میں فروغ اور سفر کا شوقین جب کہ عیش وآرام میں کمی لا سکتا ہے۔ جو نوکری کے متلاشی ہیں، انہیں مارچ کے بعدخوشخبری مل سکتی ہے۔ نئی نوکری میں پرموشن اور دیگر فائدہ حاصل ہوں گے۔ لیڈرشپ کا مظاہرہ کریں گے۔ ابتدائی مہینوں میں مالی نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔ بچت میں ناکام رہیں گے۔ مئی میں معاشی حالت زیادہ مضبوط ہوگی، بڑی سرمایہ کاری مئی کے بعد کرسکتے ہیں،اچھا ریٹرن ملےگا۔ تعلیمی زندگی مئی کے بعد زیادہ اچھی ہے اوردلجمعی سے پڑھائی کرپائیں گے۔پہلی ششماہی میں ساری توجہ تعلیم پر مرکوز کی صلاح دی جاتی ہے۔جو پڑھیں گے یاد نہیں رکھ پائیں گے۔ ان کے پیچھےتوجہ کا بھٹکناہے۔اعلیٰ تعلیم کے طلبا بڑا فیصلہ لے سکتے ہیں۔اپریل تک کوئی بھی فیصلہ لینے سے بچیں۔ مئی سے پہلے لیا گیا کوئی بھی فیصلہ پر یشانی لاسکتا ہے۔خاندانی زندگی اچھی رہے گی۔ امن وسکون اور بھائی چارہ قائم رہے گا۔ خاندانی ذمے داریاں لینے اورمسائل کے حل کا حوصلہ ملے گا۔ رومانوی پارنٹر سے وقت گزارتے اور خیالات شیئر کرتے نظرآئیں گے۔ہنس مکھ مزاج کی وجہ سے اہل خانہ کے لوگوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بنیں گے۔مئی میں خاندان میں خوشخبری کا امکان ہے۔ لیکن اپریل میں گھر
وخاندان میں تنازعات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ شادی شدہ زندگی کے لیے مئی مناسب رہے گا۔ شادی کرنے کےلئےمئی کے بعد کا وقت اچھا رہے گا۔اپریل تک ٹال دیں، یہ مدت سازگار نہیں ہو گی۔ 29 جون سے 26 جولائی اور 2 نومبر سے 26 نومبر تک قسمت بھرپورساتھ دے گی۔ محبت اور شادی کے معاملے میں مثبت پیش رفت ہوگی۔صحت سے جڑے مسائل پیش آسکتے ہیں۔ ضرورت سے زیادہ احتیاط برتنا ہوگا اور صحت کو ترجیح دینا ہوگی۔ ورنہ بیماریوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑیگا۔
3۔برج جوزا ( Gemini)
(اکیس مئی تا اکیس جون ) نشان برج: جڑواں بچے، حاکم سیارہ: عطارد، موافق برج:میزان، دلو، نا موافق برج:سنبلہ، قوس، حوت، عنصر: بادی
یہ سال کیریئر اور مالی معاملات میں کافی تبدیلی لے کر آئے گا۔ اخراجات اور آمدن میں توازن رکھنا ہوگا۔ کامیابی افق پر ہے، زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے محتاط منصوبہ بندی ضروری ہوگی۔ بھروسہ اور جذباتی ذہانت لوگوں کی زندگیوں میں بڑا فرق لانے میں مدد کرے گی۔ پہلے چھ ماہ ذاتی زندگی اور تعلقات کے لیے بہترین دور ہے۔خاندانی معاملات میں تناو آسکتا ہے ،قیاس آرائی پر مبنی سرمایہ کاری سے گریز اور فلاحی یا تعلیمی اہداف کے لیے مالی منصوبہ بندی کو ترجیح دیں۔نوکری میں بدلاؤ یا تبادلہ ہوسکتا ہے جس سے فکرمند اورمایوس ہوں گے،اگست کے بعد راحت آئے گی۔ مئی کے بعدمعاشی زندگی زیادہ اچھی نہیں۔ زیادہ اخراجات کا سامنا ہوگا۔ سرمایہ کاری میں نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ یہ سال طلباء کے لیے زیادہ سازگار نہیں، مارچ کے بعد تعلیم سے دوری ہوسکتی ہے۔ بیرون ملک تعلیم کا موقع بھی ملےگا۔خونی رشتوں میں تکبر پیدا ہوسکتا ہے۔خاندان کی طرف سے جائیداد سے جڑے قانونی معاملے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔بات چیت کی صلاحیت بھی متاثر ہوسکتی ہے، رومانوی اور شادی شدہ زندگی کے لئے یہ سال زیادہ خاص نہیں۔ رومانوی ساتھی سے تنازع جنم لے سکتا ہے۔ شادی کے بندھن کے امکانات بے حد کم ہیں۔ شادی شدہ زندگی میں محبت اور بھائی چارہ بنائے رکھنے میں ناکام رہ سکتے ہیں۔اپریل کے بعد صحت کےلئے سازگار وقت نہیں ۔ موٹاپے کا شکار ہو سکتے ہیں۔ کھانسی کا مسئلہ بھی درپیش ہوگا۔
4۔برج سرطان( Cancer)
( بائیس جون تا تئیس جولائی) نشان برج: کیکڑا، حاکم سیارہ: قمر، موافق برج:عقرب، حوت، نا موافق برج:حمل، میزان جدی برج، عنصر:آبی
خاموش اوراندرونی تبدیلی کا سال ہے۔توازن اور ذاتی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔پہلی ششماہی اخراجات میں احتیاط، بعد کے چھ ماہ بہتر مالی فوائد اور کیریئر کی ترقی کے ہیں۔دانشمندی سے منصوبہ بندی، احتیاط سے خرچ کرنا ہوگا، کامیابی مسلسل آگے بڑھے گی ،آغاز میں کیریئر میں چیلنجز کا سامنا اورپیشہ ورانہ زندگی میں کچھ مالی نقصان یا رکاوٹیں ہوسکتی ہیں۔کیریئر کا بہترین آپشن سماجی کام ہے۔ کام میں تاخیر کا سامناہو گا۔سرمایہ کاری یا رشتے سے جڑے فیصلے میں صبروتحمل ضروری ہے۔13 جولائی سے 28 نومبر کے دوران کیرئر میں مایوسی ہوسکتی ہے۔اپریل تک وقت سازگارہے،ترقی پانے میں پیچھے رہ سکتے ہیں۔ کاروبار کے منافع میں کمی ہوسکتی ہے۔کیرئر کے بدلاؤ یا نئی نوکری جیسے فیصلے لینے سے بچنا ہوگا۔کاروبار میں مد مقابل لوگ رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔اپریل تک کافی مال حاصل ہوگا اور بچت بھی کرسکیں گے۔ معاشی زندگی آہستہ آہستہ بہتر ہوگی۔ مئی کے بعدحالات میں سدھار ہو گا۔ اپریل تک تعلیم کے حوالے سے کارکردگی اچھی رہے گی۔اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے بڑا فیصلہ اپریل کے دوران لے سکتے ہیں۔مئی کے بعد فیصلہ لینے سے بچنا ہوگاورنہ مایوسی ہوگی۔ مئی کے بعد کا وقت خاندانی زندگی کے لیے زیادہ اچھا نہیں، رومانوی و شادی شدہ زندگی تھوڑی مشکل رہ سکتی ہے۔ یہ سال صحت کے نظرسے اچھا نہیں مانا جا سکتا ہے۔ گردن، پیروں میں درد، اور اعصابی نظام سے جڑے مسائل پیش آسکتے ہیں۔ ان سب کی اصل وجہ آپ کا کمزور دفاعی نظام ہے۔ خون کے ٹیسٹ کی صلاح دی جاتی ہےساتھ ہی آپ مسلسل ورزش کا معمول بنائیں۔
5۔برج اسد ( Leo)
(چوبیس جولائی تا تئیس اگست) نشان برج: شیر، حاکم سیارہ: شمس ، موافق برج: حمل، قوس، نا موافق برج:ثور، عقرب، دلو، عنصر:آتشی
یہ سال ترقی، توسیع، اور مثبت تبدیلی کے مواقع سے بھرپور ہے۔ کیرئیر اور فنانس میں پہلی ششماہی میں نئے پروجیکٹس، پروموشنز، اور ہنر کو ظاہر کرنے کے مواقع کے ساتھ نمایاں پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔دوستی، سماجی روابط، اور کمیونٹی کی شمولیت پر توجہ دینے کے ساتھ، محبت اور رشتے سازگار ہوں گے۔ سماجی زندگی میں نئے روابط، دوستی اور ممکنہ طور پر رومانوی تعلقات کے ساتھ فروغ کی توقع کر سکتے ہیں۔اندرونی دنیا کو دریافت کرنے، اپنے وجدان کو فروغ دینے اور اپنے روحانی پہلو سے جڑنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔قریبی تعلقات اور مشترکہ مالی معاملات میں آزمائشوں اور چیلنجوں کا سامنا ہو سکتا ہے، ترجیحات کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہو گی ۔ جسمانی اور ذہنی صحت کو ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ تناؤ، اضطراب اور جلن کا شکار ہو سکتے ہیں۔مجموعی طور پر ایک دلچسپ اور تبدیلی کا سال ہے۔ مارچ کے بعد نوکری میں مسائل اور رکاوٹیں ہیں۔نوکری کے نئے موقعوں کا بہترین وقت مئی کے بعد کا ہے۔نیا کاروبار شروع کرنے میں احتیاط کی صلاح دی جاتی ہے۔ سرمایہ کاری میں اچھاریٹرن حاصل کرسکیں گے۔ طلباء کے لیے یہ سال اچھا نہیں،مئی کے بعد اعلیٰ تعلیم شروع کرسکتے ہیں،مسابقتی امتحانات میں حصہ لینے والے طلبا شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔ خاندانی زندگی میں اچھے نتائج مئی کے بعد حاصل ہوں گے۔ خاندان کے ساتھ کہیں باہر گھومنے پھرنے بھی جا سکتے ہیں۔ اپریل تک رومانوی اور شادی شدہ زندگی اچھی نہیں ،مئی کے بعد سازگار ہے۔ پیروں میں درد کی شکایت ہوسکتی ہے۔
6۔برج سنبلہ ( Virgo)
(چوبیس اگست تا تئیس ستمبر ) نشان برج: دوشیزہ، حاکم سیارہ: عطارد، موافق برج:ثور، جدی، نا موافق برج:جوزا، قوس، حوت، عنصر: آبی
کیریئر میں ترقی اورنئے مواقع ، آمدنی اور دولت میں ممکنہ اضافے کے ساتھ مالی استحکام اور سلامتی کی پیش گوئی کی جاتی ہے۔کاروبار میں اہم کامیابی اور ترقی کی توقع ہے۔ جذباتی قربت اور تعلق پر توجہ دینے کے ساتھ موجودہ تعلقات مزید گہرے اور بامعنی بن جائینگے۔ خاندانی تعلقات کو کچھ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن آخر کار مسائل کو حل کرنے اور رشتوں کو مضبوط کرنے کے طریقے تلاش کرلیے جائینگے۔اپنی اقدار، جذبات اور زندگی کے مقصد کو تلاش کرتے ہوئے، خود کی دریافت کے سفر کا آغاز کرینگے۔ صحت سے متعلق کچھ خدشات لاحق ہو سکتے ہیں، خاص طور پر تناؤ، اضطراب اور ہاضمے کے مسائل۔ جسمانی، جذباتی اور ذہنی تندرستی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، خود کی دیکھ بھال کو ترجیح دیں۔زیادہ سوچنے اور تجزیہ کرنے کے بجائے اپنے وجدان اور اندرونی رہنمائی پر بھروسہ کریں۔اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کیلئے یہ سال اچھا ہے۔ نوکری کیلئے یہ سال اوسط درجہ رہ سکتا ہے۔نوکری میں ترقی یقینی ہوگی۔ لومیرج کے خواہش مند کیلئے مئی تک وقت سازگار رہے گا۔جن کی عمر شادی کی ہوچکی ان کیلئے پہلے چھ ماہ بہتر ہیں،مئی کے وسط سےپہلے شادی کی بات کو آگے بڑھا لیں۔شادی شدہ لوگوں میں غلط فہمیوں کی وجہ سے رشتوں میں درپیش ایشو دور ہوجائیں گے۔ شریک حیات کی صحت کے حوالے سے مسائل ہیں۔ کوئی پریشانی نئے سرے سے گھیرسکتی ہے۔خاندانی معاملوں میں بڑا تنازع نہیں،جان بوجھ کر کسی بھی پریشانی کو ہوا نہ دیں۔ مئی کے بعد لاپرواہی کی حالت میں گھریلو زندگی میں کچھ پریشانیاں رہ سکتی ہیں۔ ضروری چیزوں کی خریداری میں لاپرواہی نہ برتیں۔ فضول خرچی سے بچنے کی کوشش کریں۔ کوئی زمین یا پلاٹ خریدنا چاہتے ہیں تو مئی سے پہلے حاصل کرلیں۔گاڑی مارچ تک لینا زیادہ اچھا رہیگا۔
7۔برج میزان ( Libra)
( چوبیس ستمبر تا تئیس اکتوبر) نشان برج: ترازو، حاکم سیارہ: زہرہ، موافق برج:جوزا، دلو، نا موافق برج:حمل، سرطان، جدی، عنصر: بادی
اس سال کیریئر کی ترقی ،مالی استحکام اور سلامتی ہے،تخلیقی اور اختراعی خیالات کو تسلیم کیا جائے گا ۔نئے رومانوی مواقع اور روابط کی توقع کر سکتے ہیں، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو سنگل ہیں۔ذاتی اور پیشہ ورانہ دونوں طرح کی شراکت داری اور تعاون سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اپنی اقدار، جذبات اور زندگی کے مقصد ، جذباتی توازن اور استحکام حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے، ماضی کے زخموں اور صدموں کو چھوڑ دیں گے۔ صحت سے متعلق کچھ خدشات لاحق ہو سکتے ہیں، پیٹ، کمر، یا بازو سے متعلق کچھ پریشانیاں دے سکتی ہیں۔ دوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی جبلت اور وجدان پر بھروسہ کریں۔ محنتی طلبااور ریسرچ اسٹوڈنٹس زیادہ بہتر نتائج حاصل کریں گے۔ آغاز میں کاروبار ٹھنڈا پڑ سکتا ہے۔ نئے منصوبوں میں پریشانیاں ہوسکتی ہیں،مارچ کے بعدسوچنے اور پلان کرنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔کاروباری سفر کامیاب رہیں گے۔ نوکری بدلنے کا وقت مارچ کے بعد اچھا رہے گا۔ معاشی لحاظ سےملا جلا ردعمل ہوگا۔ نئے سرے سے کمائی میں مشکل ہو گی۔ مارچ تک بچت کو سنبھال کر رکھنا ہوگا۔ رومانوی زندگی میں کوئی خاص کشش نہیں رہے گی۔ کشیدگی کا ماحول بن سکتا ہے۔ شادی کے لئے زیادہ تر وقت سازگار رہے گا۔ خاندانی معاملات اوائل میں ٹھیک نہیں رہیں گے۔ طویل مدت تک کوئی ناگواری نظر نہیں آرہی ہے۔ زمین اور گھر کے معاملہ میں بڑے مسئلے کے سامنا نہیں ۔اپنے کاموں اور کوششوں کے مطابق، نتائج حاصل کرتے رہیں گے۔
8۔برج عقرب Scorpio))
(چوبیس اکتوبر تا بائیس نومبر ) نشان برج: بچھو، حاکم سیارہ: پلوٹو، موافق برج:سرطان، حوت، نا موافق برج:حمل، ثور، اسد، دلو، عنصر : آبی
مالیاتی اور کیریئر میں ترقی اور تبدیلی کا سال ہے۔ قانونی لڑائیاں احسن طریقے سے حل ہوں گی۔ اخراجات مستحکم رہ سکتے ہیں، پہلے چھ ماہ موجودہ تعلقات میں عزم جب کہ دوسرے چھ ماہ نئے دلچسپ رابطوں کے مواقع لاتا ہے۔ سنگلز وسط میں ایک پراسرار اجنبی سے مل سکتے ہیں، جوڑے ایک نئے جذبے یا چیزوں کو اگلی سطح تک لے جانے کے فیصلے کی توقع کر سکتے ہیں۔مالی انعامات ماضی کی کوششوں سے مل سکتے ہیں، دوسری ششماہی تبدیلی اور ترقی کے مواقع لے کر آتی ہے، جس میں نظم و ضبط اور محنت پر توجہ مرکوز ہوتی ہے ،جرات مندانہ ہونے، خطرات مول لینے اور اپنی جبلتوں پر بھروسہ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ کامیابی اور تکمیل کے لیے نظم و ضبط، محنت، اور خود آگاہی پر توجہ مرکوز کریں۔ مارچ کے بعد کا وقت پرانی بیماریوں کو دور کرنے اور اپنی صحت کو بنائے رکھنے میں مددگار ہو گا، سینے، گھٹنوں یا دماغی کوئی پریشانی ہے تو مارچ تک توجہ کی ضرورت ہوگی۔ پٹھوں میں تناؤ اور جوڑوں کے مسائل پر بھی توجہ چاہیے، مطالعہ کے اوقات میں اضافے کی ضرورت ہوگی۔ نئے کاروبار کے سلسلہ میں نیا طریقہ آزمانے کے لیے وقت اچھا رہے گا۔ سینئر کے ساتھ عزت سے جڑے رہیں۔اگر اچھا رپسانس نہ ملے تو بھی مخالفت یا بغاوت کی بجائے اسے خوش کرنے کی ضرورت ہوگی۔ کاروبار کو جاری رکھ سکیں گے ورنہ وہ شخص اپنا اسپورٹ کھینچ سکتا ہے۔ اور بدلے میں آپ کا نقصان ہوسکتا ہے۔مئی تک نوکری میں کامیابیاں ملتی رہیں گی۔ مارچ سے مئی کے دوران جاب بدل سکتے ہیں۔مئی کے بعد حالات تھوڑے کشمکش بھرے رہ سکتے ہیں۔ مئی تک کا وقت آمدنی کے لحاظ سے کافی اچھا ہے۔ رومانوی تعلقات میں اچھے نتائج مل سکتے ہیں، شادی کےلئے پہلے چھ ماہ بہتر ہوں گے، خاص کر مئی سے پہلے ۔ جو لوگ صرف محبت کا دکھاوا کررہے ہیں ان کی پول کھل سکتی ہے۔ شادی شدہ زندگی اورخاندانی معاملوں کے لیے سال کا پہلا حصہ زیادہ اچھا رہ سکتا ہے۔ کچھ لوگوں کے درمیان عدم توازن و ناخوشی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ گھریلو زندگی میں گزشتہ دنوں کے مسائل حل ہوں گے۔اگر کافی عرصہ سے زمین یا مکان خریدنے یا فروخت کرنے کے خواہ رہے ہیں تو اس سال یہ کام سازگار ہوگا خاص کر مارچ کے مہینے کے بعد۔ اپریل سے لے کر مئی کے درمیان تک وقت گاڑی خریدنے کے سلسلہ میں زیادہ اچھا رہے گا۔
9۔برج قوس ( Sagittarius)
(تئیس نومبر تا بائیس دسمبر) نشان برج:تیر انداز، حاکم سیارہ: مشتری، موافق برج:حمل، اسد، نا موافق برج:جوزا، سنبلہ، حوت، عنصرـ: آتش
یہ سال ترقی، مثبت تبدیلی، جذباتی ذہانت، نظم و ضبط اور خود آگاہی پر توجہ کے ساتھ، خود کی دریافت کے بارے میں ہے۔ کیرئیر میں ترقی ہے، پہلے چھ ماہ میں معمولی جسمانی صحت کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔جنھیں سینے یا دل کی کوئی پریشانی پہلے سے ہے،ان کو مارچ کے بعد سے نسبتاً زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہوگی۔ مئی کے بعد سے پریشانیاں کم ہوجائیں گی،تعلیم کے معاملہ میں اوسط سے کچھ بہتر نتائج دے سکتا ہے۔ کاروبار کے حوالے سے مشترکہ نتائج پیش کرسکتا ہے۔ جن کے ساتھ میٹنگ کرنے جا رہے ہیں یا جن پر آپ کا کاروبار انحصار کرتا ہے،ان کی زیادہ اسپورٹ نہیں مل پائے گی۔کاروبار میں دلچسپی بھی کچھ حد تک کم ہو سکتی ہے ۔مئی کے بعد کاروبار ترقی کرے گا۔ نوکری میں بدلاؤ بھی ممکن ہوگا۔ پرموشن بھی ہے ،معاشی لحاظ سے اوسط درجہ سے بہتر نتائج بخش سکتا ہے۔ آغاز میں بچت کرسکیں گے آخری چھ ماہ میں اچھی کمائی کریں گے۔ رومانوی رشتے میں پارنٹر کو پورا وقت دینا ہوگا،منانے کی کوشش کرنی ہوگی۔ شادی کے بندھن کےلئے آخری چھ ماہ بہتر ہیں۔ شادی شدہ اورخاندانی معاملوں میں حسب معمول اچھے نتائج ملیں گے۔ اہم ترین معاملوں کو شروع میں پورا کرنا زیادہ اچھا رہے گا۔ گھریلو زندگی کا مارچ تک کا وقت زیادہ اچھا رہے گا۔ زمین اور گاڑی سے متعلق یہ سال تھوڑا کمزور رہ سکتا ہے۔ حالانکہ سال کا دوسرا حصہ نسبتاً اچھا رہے گا۔ مئی تک کچھ رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔ بہتر ہوگا کہ زمین وجائیداد سے جڑے معاملوں کو اس دوران ٹال دیا جائے یا پھر اگر ایسے فیصلے کرنے بہت ضروری ہوں تو متنازع سودوں سے بچا جائے۔ گاڑی بھی آخری چھ ماہ میں لیں تو زیادہ اچھا رہے گا۔
10۔برج جدی ( Capricorn)
( تئیس دسمبر تا بیس جنوری )نشان برج: بکرا، حاکم سیارہ: زحل
ہم مزاج برج:ثور، سنبلہ، ویری برج:حمل، سرطان، میزان، عنصر:خاکی
یہ سال تعلقات، طاقت ، اور کھلے پن کو فروغ دینےکا ہے۔تبدیلی کی توقع کر سکتے ہیں، کیریئر میں اہم پیشرفت ہے۔ آمدنی اور دولت کے نئے مواقع کے ساتھ مالی استحکام اور خوشحالی کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔کاروباری مالکان بڑھتے ہوئے منافع اور تجارتی حجم کے ساتھ ترقی اور توسیع کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔سال کا آغاز کچھ چیلنجز لاسکتا ہے، سنگلز نئے رومانوی مواقع کی توقع کر سکتے ہیں ۔پیاروں کے ساتھ دوری کا سفر بھی ہے رشتوں میں اعتماد، جذباتی تحفظ، اور قربت پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کریں-صحت کے حوالے سے یہ سال پچھلے کے مقابلے میں زیادہ اچھے نتائج لائے گا۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ طبیعت بالکل ہشاش بشاش رہے گی۔ باقاعدگی سے ورزش اور متوازن خوراک اثرات کو کم کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔ منہ، پیٹ، اور سینے کی تکلیف ہو سکتی ہے۔ بیرون ملک یا دور رہ کر پڑھائی کرنے والے طلباء اس سال اچھا کرسکیں گے۔ کاروبار میں معمولی رکاوٹیں ہیں۔ نوکری میں مارچ کے بعد تبدیلی مثبت ہوگی۔مئی کے بعد تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کرنا ہوگی،تب جاکر نتائج اچھے ملیں گے۔ معاشی معاملوں میں بہتر نتائج دے سکتا ہے۔ معمولی باتوں پر ضد کا منفی اثر رومانوی زندگی پر پڑ سکتا ہے۔ بتنگڑ نہ بنائیں گےتو سازگار نتائج دے سکتا ہے۔ شادی کےلئے پہلے چھ ماہ بہترہیں،مئی تک اچھا وقت ہے۔ ازدواجی زندگی بہتر رہے گی۔ خاندانی معاملات سازگار رہیں گے ،کچھ غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن بڑا مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔پرانے پیچیدہ مسائل آہستہ آہستہ دور ہوجائیں گے۔ زمین اور مکان کے معاملات میں اچھے نتائج حاصل ہوں گے۔ زمینی سودے پایہ تکمیل تک پہنچیں گے ، کسی وجہ سے پلاٹ پر گھر نہیں بنوا رہے تو مارچ کے بعد کوشش کریں۔ گاڑی کے معاملہ میں دروپیش رکاوٹیں دور ہوں گی ۔
11۔برج دلو ( Aquarius)
(اکیس جنوری تا انیس فروری) نشان برج: مشکیزہ بردار، حاکم سیارہ: یورینس، موافق برج:جوزا، میزان، نا موافق برج:ثور، اسد، عقرب، عنصر: آبی
یہ سال اظہار خیال، تخلیقی صلاحیتوں، اور جذبات کی پیروی کے بارے ہے۔ نئے مشاغل، دلچسپیوں اور تخلیقی مشاغل کو دریافت کرنے کے مواقع ملیں گے- اعتماد کو بڑھانے پر توجہ دیں اور خطرات مول لینے اور نئی چیزوں کو آزمانے سے نہ گھبرائیں۔مجموعی طور پرایک ناقابل یقین سال ہے۔ خود کی دیکھ بھال، تعلقات اور ذاتی ترقی کو ترجیح دینا یاد رکھیں۔کیرئیر اور فنانس کے حوالے سےاپریل کے بعد، آمدنی اور دولت میں ممکنہ اضافے کے ساتھ مالی استحکام اور خوشحالی کی پیش گوئی کی گئی ہے، کام اور روزمرہ کے معمولات پرتوجہ زیادہ خوشی اور کامیابی لائے گی۔سنگلز کےلئےرومانوی مواقع بہت زیادہ ہیں ۔ شادی شدہ کو سال کے پہلے نصف میں کچھ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس میں تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے کوشش اور معیاری وقت درکار ہوتا ہے۔پرانے مسائل کی وجہ سے صحت حساس ہوسکتی ہے۔ پیٹ اور بازوسے متعلق کچھ پریشانیاں ہوسکتی ہیں۔ بزنس یا بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو اچھے نتائج مل سکتے ہیں۔ نوکری حسب معمول اچھی چلتی رہے گی۔ ،قابلیت کے مطابق ہی ذمہ داریاں ادا کریں۔معاشی زندگی میں یہ سال اوسط درجہ کا نتیجہ دے سکتا ہے۔ اگر کمائی کے نظریہ سے دیکھیں تو سال کا دوسرا حصہ کافی اچھے نتائج بخشتا ہوا معلوم ہوگا۔بچت کے معاملہ میں یہ سال کچھ حدتک کمزور رہ سکتا ہے۔ رومانوی معاملات میں کافی اچھے نتائج مل سکتے ہیں۔ مئی کے بعد شک پیدا ہوسکتا ہے ، بڑی پریشانی نہیں آئے گی۔ شادی کےلئے یہ سال بہتر رہے گا ۔ شادی شدہ زندگی کو سازگار بنانے کی ضرورت ہے ۔خاندانی معاملوں میں بہت ہی احتیاط سے کام لینا ہوگا۔ ایک دوسرے کے بارے میں برا بھلا بھی کہہ سکتے ہیں۔زمین اور گھر کے حوالے سے یہ سال اچھا نہیں ۔ اگر نئے سرے سے کوئی زمین یا پلاٹ خرید رہے ہوں تو اچھی طرح سے جانچ پڑتال کرلینا ضروری ہوگا۔ کسی بھی تنازع یا شک والے معاملوں سے جڑنا ضروری نہیں ہوگا۔ گھر بنوانا چاہ رہے ہیں تو جلد بازی کے بجائے پوری طرح سے مضبوط پلاننگ کریں، اس کے بعد ہی اس معاملہ میں آگے بڑھیں۔ گاڑی سے متعلق معاملہ میں کچھ دیری ہوسکتی ہے۔
12۔برج حوت( Pisces)
(بیس فروری تا بیس مارچ) نشان برج: دو مچھلیاں، حاکم سیارہ: نیپچون، موافق برج:سرطان، عقرب، نا موافق برج:جوزا، سنبلہ، قوس، عنصر:آبی تبدیلی کا سال ہو گا،کیریئر، مالیات اور تعلقات میں مواقع اور چیلنجز ہوں گے۔ منصوبہ بندی اور محتاط فیصلےزیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے میں مدد کر سکتے ہیں۔رومانس اور شراکت داری میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملے گی۔تعلیمی کامیابیوں کے لیے ایک امید افزا سال، جس میں وسط جنوری سے وسط مئی تک کا عرصہ خاص طور پر سازگار ہے۔وجدان،اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ گہرا تعلق بڑھےگا۔ پیاروں کے ساتھ بندھن باندھنے اور نئے دوستوں کو راغب کرنے میں ان کی مدد کریں گے۔ مالی لحاظ سےبہترین سال ثابت ہوگا۔ آمدنی اور اخراجات میں توازن رہے گا۔ اگرچہ اس سال مالیاتی تحفظ حاصل نہ ہوسکے گالیکن مالیات مستحکم رہیں گے۔ کام اور کاروبار کے معاملہ میں کافی حدتک لاپرواہ نظر آسکتے ہیں۔ گھر سے دور رہ کر کمائی کرنے والوں کو بھی اچھے نتائج ملیں گے۔ صحت کے معاملہ میں اچھا سال نہیں ،کھانوں میں عدم توازن ہے۔بازو ، کمر اور گھٹنوں وغیرہ میں تکلیف ہو سکتی ہے۔ کاروباری تعلیم حاصل کرنے والے طلباء بھی اچھے نتائج حاصل کرسکیں گے۔ سال کا زیادہ تر وقت حق میں رہے گا۔ پہلے چھ ماہ نوکری میں اچھے ہیں۔ معاشی معاملوں کے لیے بھی یہ سال مل جلا رہ سکتا ہے۔ آمدنی کے ذرائع میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ رومانوی زندگی میں کوئی بڑا مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔ معمولی غلط فہمیاں ہو سکتی ہیں۔ سمجھداری دکھا کر دور بھی کرسکتے ہیں۔شادی کےلئے مئی تک پریشانی ہوسکتی ہے۔ شادی شدہ زندگی میں بہت ہی احتیاطکی ضرورت ہوگی۔ شریک حیات کی صحت پریشان کرسکتی ہے۔ گھر کی مرمت کا معاملہ ہو یا کوئی اورکوششیں کامیاب رہیں گی۔ زمین اورمکان سے متعلق معاملوں کے لئے سال کا پہلا حصہ کافی اچھا معلوم پڑ رہا ہے۔نہ صرف زمین خرید سکیں گے بلکہ گھر کی تعمیر کو آگے بھی بڑھا سکیں گے ۔ گاڑی وغیرہ سے جڑے فیصلوں کو بھی سال کی شروعات سے لےکرمئی تک پورا کر لینا سمجھداری کا کام ہوگا۔