سیہون شریف (نامہ نگار)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا ہے کہ مدارس ایکٹ پر پیشرفت سب کی رضا مندی سے ہوئی ، عمران کو جج ہی آزاد کرسکتے ہیں امریکا نہیں ، اپنے وکلاء سے بات کریں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیہون شریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مدارس ایکٹ آفیشل گزیٹ میں آیا ہے، صدر مملکت نے دستخط کئے ، مدارس ایکٹ پر سارے اسٹیک ہولڈرز سے بات کی جائے گی، اس وقت تک مدارس ایکٹ پر جو بھی پیشرفت ہوئی ہے وہ سب کی رضامندی سے ہوئی ہے، عمران خان کی آزادی کیلئے امریکی بیان پر سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان کو عدالت سے جج ہی آزاد کر سکتے ہیں امریکا نہیں ، اگر عمران نے کوئی قصور نہیں کیا ہوگا تو کسی پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے وکلاء سے بات کرے، اگر عمران پر کیس نہیں تو وہ پریشان کیوں ہوتے ہیں، اپنے وکیلوں سے بات کرے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف اعجاز شاہ شیرازی، حاجی علی حسن زرداری، ایم این اے ملک اسد سکندر، ایم پی اے ڈاکٹر سکندر علی شورو، ایم پی اے ملک سکندر خان، محمد سلیم باجاری سمیت دیگر بھی ہمراہ موجود تھے۔ بعد ازاں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بذریعہ ہیلی کاپٹر سیہون شریف سے کراچی کیلئے روانہ ہوگئے۔