اسلام آباد ( جنگ نیوز) ایس ایس پی ٹریفک پولیس اسلام آباد سرفراز ورک نے کہا ہے کہ ماحول کی حفاظت اور اس کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،شہری اپنی دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی مرمت کروائیں،بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اشتراک سے اتا ترک ایوینو سے ایوب چوک تک صفائی آگاہی واک اور ویسٹ پکنگ ایکٹویٹی کےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن بختاوری اور ایس ایس پی ٹریفک سرفراز ورک نے اس واک کی قیادت کی ،دیگر شرکاء میں، یونیورسٹی کے طلباء وطالبات ، سول سوسائٹی، بزنس کمیونٹی کی اہم شخصیات جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز،سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی، آئی ایٹ کے صدر وحید چیمہ،سیف الرحمن،امیر حمزہ، مقصود تابش، فصیح اللہ خان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں مہم میں حصہ لیا۔ احسن بختاوری نے شرکاء سے کہا کہ اسلام آباد کی صفائی و ماحول کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔