اسلام آباد(جنگ رپورٹر)قانون کی تعلیم میں بہتری لانے کیلئے پاکستان بار کونسل کے ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن کا لیگل ایڈ سوسائٹی کیساتھ معاہدہ طے پا گیا ۔ معاہدے کے مطابق قانونی نصاب میں بہتری اور اساتذہ کی تربیت سمیت لیگل ریسرچ کو فروغ دیا جائے گا۔ ملک میں قانون کی حکمرانی کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے ماہرین قانون تیار کئے جائیں گے ۔اس حوالہ سے پاکستان بار کونسل کے ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن بیرسٹر اسامہ مالک نے کہا کہ ہم ملک میں قانون کی تعلیم کے معیار میں بہتری لانے کیلئے پرعزم ہیں۔ معاہدہ کی تقریب میں پاکستان بار کونسل کے سیکرٹری گلزار احمد سمیت نظام انصاف کے شعبہ سے منسلک متعدد افراد نے شرکت کی۔