• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریکوڈک، 15 فیصد شیئرز سعودیہ کو فروخت، تجارتی لین دین ایکٹ کے تحت ایک کھرب 50 ارب 28 کروڑ میں دینے کی منظوری

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت نے بین الحکومتی تجارتی لین دین کے ایکٹ کے تحت سعودی عرب کو 540ملین ڈالر (تقریباً ایک کھرب 50؍ ارب 28؍ کروڑ پاکستانی روپے) کے ریکوڈک منصوبے کے 15؍ فیصد شیئرز فروخت کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے ایک سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ سعودی عرب دو اقساط میں ادائیگی کرے گا۔ پہلے مرحلے میں، سعودی عرب کو اس پروجیکٹ میں 10؍ فیصد شیئرز ملیں گے، جس کیلئے وہ پاکستان کو 330؍ ملین ڈالرز (تقریباً 92؍ ارب روپے) ادا کرے گا۔ دوسرے مرحلے میں پانچ فیصد شیئرز فروخت کیے جائیں گے جس سے پاکستان کو 210؍ ملین ڈالرز (58؍ ارب 44؍ کروڑ روپے ) ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے ساتھ، لین دین کیلئے تمام ضروری رسمی کارروائیوں کو تیز کیا جائے گا، اور 330؍ ملین ڈالر (تقریباً 92؍ ارب روپے)کی پہلی قسط ابتدائی 10؍ فیصد شیئرز کی منتقلی کے فوراً بعد متوقع ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا عکاس ہے۔ ریکوڈک کان سے 15؍ فیصد شیئرز خریدنے کے علاوہ، سعودی فنڈ برائے ترقی نے بلوچستان میں معدنی وسائل کی ترقی کیلئے 150 ملین ڈالر (تقریباً 42؍ ارب روپے ) دینے کا وعدہ کیا ہے۔ مزید برآں، سعودی عرب نے چاغی میں معدنیات کی تلاش میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جہاں ریکوڈک واقع ہے۔ ریکوڈک مائن بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک ٹاؤن کے قریب واقع ہے۔ ریکوڈک دنیا میں تانبے اور سونے کے سب سے بڑے ذخائر میں سے ایک ہے جہاں سونے اور تانبے کے 5.9؍ ارب ٹن ذخائر موجود ہے۔ یہاں 40؍ سال تک کان کنی ہو سکے گی۔ اس کان میں بیریک گولڈ کے شیئرز 50؍ فیصد ہیں، جبکہ باقی 50؍ فیصد میں وفاق اور بلوچستان کا حصہ ہے۔

اہم خبریں سے مزید