• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسپریت بمراہ، ٹریوس ہیڈکرکٹر آف ایئر ایوارڈ کیلئے نامزد، روٹ، ہیری بروک بھی دوڑ میں شامل

کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ائیر کیلئےانگلینڈ کے ہیری بروک، بھارت کے جسپریت بمرا انگلینڈ کے جوروٹ اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بھی نامزدہوئے ہیں۔ کامیاب کھلاڑی کو سر گیری سوبرز ٹرافی ملے گی۔ آئی سی سی نے حتمی فہرست کا اعلان کردیا۔ویمنز کرکٹر آف دی ائیر کیلئے جنوبی افریقا کی لاورا وولوارٹ ، سری لنکا کی چماری آتاپاتو ، آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ ، نیوزی لینڈ کی ایمیلی کیر کی نامزدگی ہوئی ہے۔ مینز ٹیسٹ پلیئرز آف دی ائیر کیلیے انگلینڈ کے جو روٹ ، بھارت کے جسپریت بمرا سری لنکا کے کمیندو مینڈس اور انگلینڈ کے ہیری بروک نامزد ہوئے ہیں۔ ٹریوس ہیڈ نے T20ورلڈ کپ 2024 میں 15 اننگز میں 178.47کے اسٹرائیک ریٹ سے 539 رنز بنائے۔ انہوں نے نوٹیسٹ میچوں میں 40.53 کی اوسط سے 608 رنز بنائے ۔بمراہ نےاپنی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سمیت اہم فتوحات دلائیں ۔ ورلڈکپ میں انہوں نے آٹھ میچز میں 15 اور ٹیسٹ کرکٹ میں 13 میچوں میں 71 وکٹیں حاصل کیں۔ جو روٹ نے مسلسل پانچویں بار ایک سال میں ہزار سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنائے۔ انہوں نے 17 ٹیسٹ میں 55.57 کی اوسط سے 1556رنز بنائے ان کا بہترین اسکور ملتان میں پاکستان کیخلاف 262 رنز تھا۔ انگلینڈ کے ابھرتے ہوئے اسٹار بروک نے طویل ترین فارمیٹ میں 12 میچوں میں 55.00 کی اوسط سے 1100 رنز بنائے ۔ یاد رہے کہ پاکستان کےبابر اعظم ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کیلئے دوڑ میں شامل ہیں، ان کے ساتھ زمبابوے کے سکندر رضا، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور بھارت کے ارشدیپ سنگھ بھی نامزد ہوئے ہیں، جبکہ صائم ایوب ، سری لنکن کمندو مینڈس، ویسٹ انڈیز کے شمار جوزف اور انگلینڈ کے گس ایٹکنسن کے ساتھ ایمرجنگ پلیئرز ایوارڈ کیلئے شارٹ لسٹ ہوئے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید