کوئٹہ(خ ن)سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے ڈائریکٹریٹ آف پبلک ریلیشنز بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبے بھر کے بوائز اور گرلز سرکاری اسکولوں کے مابین شارٹ فلم ڈاکومنٹری مقابلوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی جی پی آر بلوچستان محمد نور کھیتران، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سید تنویر اختر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سعید احمد شاہوانی، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد نصیب اللہ سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر کے طلباء و طالبات کی جانب سے بھیجی گئی مختصر دورانیہ کی دستاویزی فلموں کا جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ محکمہ اطلاعات ان مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ بلوچستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے اور طلبہ کے ٹیلنٹ کو آگے بڑھایا جا سکے۔ مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیئے جائیں گے جبکہ تمام حصہ لینے والوں کو سرٹیفکیٹ دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ سیکرٹری اطلاعات نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت حکومتی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مفاد کے اقدامات کی بھرپور تشہیر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ فلم ڈاکومنٹری مقابلے نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں گے بلکہ سیاحت اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے ۔