پشاور(کرائم رپورٹر) پشاورمیں پسند کی شادی اوررشتوں کے تنازعات پر قتل کے واقعات بڑھ گئے ہیں اور حالیہ دنوں میں ایسے کئی واقعات پیش آئے ہیں جن میں خواتین سمیت شہریوں کو نشانہ بناکر انکی جانی لی گئیں ۔تین روز قبل تھانہ انقلاب کے علاقے صدیق آباد سوڑیزئی بالامیں رضوان شاہ کو اپنے ہی دوست حمیداللہ نے گھر کی دہلیز پر گولیاں مارکر بیدردی سے قتل کردیا تھا۔ مقتول نے جان بچانے کیلئے قریبی گھر میں پناہ لی تاہم ملزم نے وہاں بھی اسے گولی ماری جس سے ہمسایہ بچی فرحیہ دختر ساجد علی بھی لگ کر زخمی ہوئی۔مدعیہ نے بتایاکہ اس نے ملزم مقدر ساکن جنگلی سے خلع لیا تھا اور مقتول رضوان سے پسند کی شادی کی جس کا سابق شوہر کو رنجش تھااورشوہر کی ایماءپر ملزم حمید نے فائرنگ کی۔اسی طرح بورڈ بازار میں فضل دیان کو اپنے ہی کزن نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا، مقتول نے ملزم صالح محمد کی سابقہ بیوی سے شادی کرلی تھی جس نے اس سے خلع لی تھی۔ 18 دسمبر کو تھانہ آغا میر جانی شاہ کے علاقے میں جہانگیر حسین کے قتل کاواقعہ پیش آیا، پولیس نے قتل الزام میں مقتول کی بیوی اور مبینہ ساتھی کو گرفتار کیا۔ دوماہ قبل تھانہ انقلاب سوڑیزئی میں خاتون مسماة(ل)زوجہ منورکی جان لی گئی، بعد میںپتہ چلا کہ اسے رشتہ دار شیر محمد عرف شیرے نے غیرت کے نام پر قتل کیاجبکہ کچھ روز قبل ارمڑ سے بھائیوں نے پسند کی شادی کرنےوالی بہن کو شوہر کے گھر سے زبردستی ساتھ لے گئے۔گزشتہ ماہ تھانہ داودزئی کے علاقے میں حیات اللہ کودوست نے قتل کیا۔ملزم فضل حق سکنہ افغان مہاجر کیمپ کےساتھ مقتول نے بیٹی کی شادی کرائی تھی تاہم ایک سال قبل رشتہ ختم ہونے پر ملزم نے سسر کی جان لی ۔حالیہ عرصہ میں اسی نوعیت کے واقعات دیگر تھانوں کی حدود میں بھی پیش آئے ہیں۔