• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دشمن کے گھس بیٹھئے KP میں ہیں، فتنہ الخوارج کے خاتمے کا وقت آچکا، سرحد پار حملے کا منہ توڑ جواب دیا، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پچھلے دو چار ہفتوں میں اسلام آباد پر جو یلغار ہوئی اس کے نتیجے میں سوشل میڈیا نے جھوٹ اور حقائق کو مسخ کرنے کا جو طوفان اٹھایا حالیہ وقتوں میں اس کی نظیر نہیں ملتی‘ اگر اس طوفان کو نہ روکا تو ہماری تمام کاوشیں دریا بُرد ہوجائیں گی‘فتنہ الخوارج کا مکمل خاتمہ کرنے کا وقت آچکا ہے‘ وفاق ‘ صوبوں اوردفاعی اداروں کو مل کر مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی‘ دشمن کے گھس بیٹھیے خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیٹھے ہیں‘سرحد پار سے چند دن پہلے جو حملہ ہوا اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے ‘ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان سے باہر بیٹھے دوست نما دشمن اور ایجنٹ جو زہر اگل رہے ہیں اورجس طرح وہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں یہ بذات خود ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے‘ جھوٹ اورحقائق کومسخ کرکے پاکستان کے خلاف ماحول بنایا جارہا ہے ‘ ڈیجیٹل دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے‘دشمن مذموم مقاصد کیلئے گھات لگائے بیٹھا ہے ‘پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث عناصرکا پوری طرح علم ہے‘پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا اسی صورت شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے کہ ہم سب مل کر چاروں صوبوں‘وفاق، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں امن و امان قائم کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو اپنی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ وزیر اعظم نے اجلاس میں شریک وفاقی وزراء‘ آرمی چیف‘چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ودیگراعلیٰ حکام کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے شرکا کومبارکباد دی کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں‘پاکستان عالمی امن کیلئے اپناسفارتی کردار احسن طریقے سے نبھائے گا ۔ وزیراعظم نے بتایا کہ صوبوں میں سی ٹی ڈی کومضبوط کیا جارہا ہے ، پنجاب اس حوالے سے سب سے آگے ہے‘پولیس کوجدید تربیت ‘ ٹیکنالوجی‘ آلات سے لیس کرنااور میرٹ پر بھرتیاں کرنا ہوں گی بالخصوص ایسے حالات میں جبکہ دشمن مذموم مقاصد کے لیے گھات لگائے بیٹھا ہے‘یہ اقدامات انتہائی اہم ہیں ۔ خیبرپختونخوا میں خارجی گھس بیٹھیے ملک کے امن کے دشمن ہیں۔بلوچستان میں پاکستان کے خلاف مختلف قسم کی سازشیں بنی جارہی ہیں ، ان میں ملوث خارجی ہاتھ کا پوری طرح سے علم ہے کہ کہاں کہاں سے ان کوسپورٹ مل رہی ہے۔ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کےلئے بطور وزیراعظم میری کوئی پسند یا نا پسند نہیں ، قومی مفاد سب سے بڑھ کرہے اورمجھے یقین ہے کہ تمام شرکا کی یہی سوچ ہے اگر اس سوچ کو عملی جامہ پہنایا جائے تو کوئی مشکل مشکل نہیں رہے گی‘پاکستان کے خلاف ماحول بنایا جارہا ہے ‘ اس حوالے سے وفاق اقدامات کررہا ہے، صوبوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہارکیا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کے دوران رینجر ز کے شہید جوانوں کے حوالے سے جھوٹی کہانیاں گھڑی گئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جو لازوال قربانیاں دے رہے ہیں یہ رائیگاں نہیں جائیں گی ۔جوانہیں ضائع کرنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی بھول میں ہیں۔

اہم خبریں سے مزید