• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریری مطالبات حکومت کے حوالے کردیں، بیرسٹر گوہر کی ٹیم کو ہدایت

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مذاکراتی ٹیم کو مطالبات تحریری شکل میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

مذاکرات کا آئندہ دور جمعرات 9 جنوری کو ہونے کا امکان، قومی اسمبلی کا اجلاس 13جنوری کو ہوگا، مذاکرات بھی جاری رہیں گے۔

بیرسٹر گوہر کا خیال ہے کہ 190 ملین پاونڈ کا فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے اپیکس کمیٹی کے بند کمرے کی گفتگو پر تبصرے کا نوٹس لے لیا گیا ہے، انتباہ جاری ہوگا، تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں مصروف اپنی ٹیم کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ اپنے مطالبات تحریری شکل میں حکومتی ٹیم کے حوالے کردیں اور مذاکرات میں غیر ضروری تاخیر سے بچنے کی کوشش کریں۔ 

حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنی ٹیم سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنے مطالبات کے ساتھ ان مشکلات کی تفصیل بھی بیان کریں جن کا انہیں سامنا رہا ہے۔ 

اس دوران جنگ/دی نیوز کو پتہ چلا ہے کہ مذاکرات کا آئندہ اور تیسرا دور جمعرات 9جنوری کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں حزب اختلاف کی طرف سے تحریک انصاف کے مطالبات پیش کئے جائیں گے۔ 

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس ماہ ر واں کے دوسرے ہفتے میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وزارت قانون و پارلیمانی امور آئندہ ہفتے سمری ایوان وزیراعظم کو ارسال کردے گی توقع ہے کہ اجلاس پیر 13 جنوری سے شروع ہوگا اور اختتام مہینہ تک جاری رہے گا۔

پارلیمانی ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کے علاوہ پارلیمانی ایوان بالا سینیٹ کا اجلاس بھی اسی ہفتے شروع ہوگا اور دونوں ایوانوں میں حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات کا چرچا رہے گا۔

اہم خبریں سے مزید