اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانےکیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت کا فروغ بڑھانے کیلئے پاکستان کے عزم پر زور دیا، جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کیساتھ کان کنی معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا،ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کا خطے میں امن اور ترقی کیلئے باہمی دلچسپی کے امور پر ملکر کام کرنے پر زور دیا، وزیر اعظم ملاقات کیلئے پہنچے تومعزز مہمان شیخ محمد بن زاید النہیان نے شہباز شریف بٹھا کرگاڑی چلائی، عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت کی تعریف کی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔اس موقع پر دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ترقی کے سفر میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و تجدید، نوجوانوں میں صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ اور تجارت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کیلئے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نئی اقتصادی قوت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بڑھانے کیلئے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا، عوام سے عوام کے روابط اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نواز شریف نے مشکل وقت میں خاص طور پر اقتصادی تعاون کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پر عزت مآب شیخ زید محمد بن النہیان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور ترقی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر زور دیا۔میٹنگ کا اختتام دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی طور پر ترجیحی شعبوں میں وسیع تر تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات کیلئے پہنچے توصدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان نے خود گاڑی چلائی جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف انکے ساتھ گاڑی میں کافی دیر تک دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔وزیرِاعظم نے صدر متحدہ عرب امارات کو انکے دوسرے گھر پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ غیر رسمی گفتگو کے دوران دونوں رہنما ہنستے مسکراتے نظر آئے۔