کراچی (جنگ نیوز)کچھی کمہار خدمت خلق ویلفیئر ایسوسی ایشن نے نیوکمہارواڑہ لیاری میں جدیدآئی ٹی سینٹر کے قیام کی منظوری دیدی ۔ تفصیلات کے مطابق خدمت خلق ویلفیئر ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس گزشتہ روز صدرمحمدرفیق ماراکی زیر صدارت ہواجس میں نوجوانوں کی تعلیم وتربیت اور انہیں ہنرمندشہری بنانے سےمتعلق متعدد اہم فیصلے کئے گئے ‘اجلاس میں طے کیاگیاکہ نیوکمہار واڑہ لیاری میںایک جدید آئی ٹی سینٹر بنایاجائے گا جس میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کوانفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید مہارتیں سکھانے کے لیے مختلف پروگرامز شروع کیے جائیں گے تاکہ وہ خود مختار اور ہنرمند بن سکیں۔علاوہ ازیں اجلاس میںسرکاری اسکولوں کے 400مستحق اور غریب طلبہ کے لیے خصوصی امدادی پروگرام کی منظوری دی گئی۔ اس کے تحت بچوں میں اسکول یونیفارم‘اسکول بیگ اورشوز مفت تقسیم کیے جائیں گے۔