راولپنڈی ، اسلام آباد(خبر نگار ، نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر ہو گیا تاہم عدالتی ذرائع نے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی . فیصلے کی تاریخ میں تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیاں ہورہی ہیں اور ایسی افواہ ہے کہ کیس کا فیصلہ کل نہیں بلکہ 10 سے 12 دن بعد سنایا جائے گا ۔ نئی تاریخ سے متعلق (آج) پیر کو وکلاء کو آگاہ کیا جائے گا۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے ممبر خالد یوسف چوہدری کا اہم بیان سامنے آگیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف کیس ہے ابھی تک ہمیں نہیں بتایا گیا کل فیصلے کی تاریخ تبدیل ہو چکی ‘یہ ہماری عدلیہ اور لیگل سسٹم پر بہت بڑا سوال ہے کہ جن کے خلاف کیس ہے ان کو ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر کو عدالت نے محفوظ کیا تھا اور اس ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ تیسری مرتبہ تبدیل کی گئی ہے۔عدالت نے پہلے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی تھی جس کے بعد عدالت نے فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کر کے 6 جنوری مقرر کی تھی اور احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نےآج فیصلہ سنانا تھا۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ آج ایک بار پھر موخر کر دیا گیا ۔