اسلام آباد (ممتاز علوی) پاکستان تحریک انصاف کمیٹی کی آج پیر کو پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کا امکان نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی 7؍ رکنی مذاکراتی کمیٹی کی حکمران اتحاد سے مذاکرات کی رہنمائی کی غرض سے آج اڈیالہ جیل میں اسیر عمران خان سے ملاقات متوقع تھی لیکن اب حکومت کی جانب سے مشکل ہی سے کوئی امکان دکھائی دیتا ہے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عمران خان سے پی ٹی آئی کمیٹی ملاقات کااہتمام کرناتھا اس نے اس حوالے سے کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیاہے۔ رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے مشاورت کے بعد پارٹی اپنے تفصیلی مطالبات آئندہ تین یا چار روز میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو پیش کردے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کے بیان کی جانب توجہ دلائی گئی تو آئندہ ملاقات میں تحریری مطالبات نہ دینے سے مشکلات پیش آئیں گی وقاص اکرم نے کہا جب آپ پارٹی رہنما سے ملاقات کا موقع نہیں ہوں گے تب مذاکراتی عمل کیوں کرمفید ہوسکتا ہے۔ اپوزیشن نے عمران خان سے ملاقات کے لئے وقت مانگا ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا جو پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان بھی ہیں ان کے مطابق عمران خان نے ان سے کہا کہ اگرحکومت مطالبات پورے نہیں کرتی تو ایسی صورت میں مذاکرات ختم کردیئے جائیں۔ زیر سماعت قیدیوں کی رہائی، 9؍ نومبر اور 26؍ نومبر کے واقعات کی عدالتی تحقیقات عمران خان کے دو بنیادی مطالبات ہیں جو پورا نہیں ہوئے تو مذاکرات ختم کردیئے جائیں گے۔ عمران خان کی جانب سے واضح ہدایات ہیں تاہم طرفین کااس بات پر اتفاق ہے کہبات چیت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو باہمی گفت و شنید سے دور کرلیا جائے۔