اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) حکومت کے ساتھ حزب اختلاف کے مذاکرات میں تحریک انصاف کی کمیٹی کے ارکان میں پھوٹ کے باعث تعطل سنگین شکل اختیار کرسکتا ہے اس سلسلے میں تحریک کے بانی چیئرمین عمران سے آج (پیر) اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات مذاکرات کے مستقبل کا تعین کرے گی۔
تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین مذاکرات کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں وہ نہیں چاہتے ایک تو مذاکرات ٹوٹ جائیں اور دوسرا اس کا الزام ان پر یا ان کی جماعت پر آئے۔
تحریک انصاف کے وکلا اور رہنما اپنے بانی سے ملاقات کرکے مذاکرات کے ضمن میں حتمی ہدایات طلب کرینگے جس کے بعداس امرکا حتمی طور پر تعین ہوگا کہ تحریک انصاف اپنے مطالبات کو چارٹر کی شکل میں مذاکرات کی میز پر تحریری طور پر رکھے گی یا نہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حزب اختلاف کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کو بانی چیئرمین سے ہفتے کے روز ملاقات سے محروم رکھا گیا تھاآج (پیر) اس ملاقات کے امکان روشن ہیں حزب اختلاف پر حکومت کی طرف سے واضح کردیا گیا ہے کہ اگر مطالبات تحریری صورت میں آئندہ دور میں نہ ملے تومذاکرات جاری رکھنے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔
تحریک انصاف کواندیشہ لاحق ہے کہ جس طرح اس نے قانونی اصلاحات کے لئے سربرآوردہ ماہر آئین و قانون اور سابق چیئرمین سینیٹر فاروق نائیک کی سرکردگی میں قائم کمیٹی کی سفارشات کو قومی اسمبلی میں ’’این آر او‘‘ قرار دیکر لہرایا تھا اور اپنے مخالفین کی یہ کہہ کر بھد اڑائی تھی کہ وہ این آر او مانگ رہے ہیں ان سفارشات کی نقل کو سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے ایوان میں بار بار لہرایا تھا حالانکہ یہ محض سفارشات تھیں جو فریقین نے اپنے اپنے طور پر مرتب کرکے ایک دوسرے کودی تھیں۔