• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے رواں ہفتے مستعفی ہونے کا امکان

کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو---فائل فوٹو
کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو---فائل فوٹو 

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے رواں ہفتے استعفیٰ دینے کا اعلان متوقع ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن ٹروڈو لبرل پارٹی کے رہنما کے طور پر جَلد مستعفی ہو جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا ’دی گلوب اینڈ میل‘ نے گزشتہ روز 3 ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔

’دی گلوب اینڈ میل‘ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو یقینی طور پر نہیں جانتے کہ وہ اپنے استعفے کا اعلان کب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جسٹن ٹروڈو سے استعفے کا اعلان رواں ہفتے بدھ کے روز قومی کاکس کے اہم اجلاس سے پہلے متوقع ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں خبر سامنے آئی تھی کہ کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی پارٹی رواں سال کے اوائل میں اقتدار سے محروم ہوتی نظر آ رہی ہے، ان پر اپنے ہی قانون سازوں کی جانب سے استعفیٰ دینے اور کسی اور شخص کو اقتدار سونپنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق حکمراں جماعت لبرلز کو 9 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ بڑھتی قیمتوں اور ہاؤسنگ بحران کی وجہ سے آئندہ الیکشن میں عوام کے غم و غصے کا سامنا ہے۔

دی کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) نے کہا تھا کہ ملک کے 10 صوبے میں سے سب سے زیادہ گنجان آباد اور پارٹی کے مضبوط گڑھ اونٹاریو سے تعلق رکھنے والے 50 سے زیادہ لبرلز اراکینِ پارلیمنٹ نے ایک میٹنگ میں اتفاق کیا تھا کہ جسٹن ٹروڈو کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید