• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹن ٹروڈو پارٹی صدارت سے کیوں مستعفی ہوئے؟؟

کراچی (رفیق مانگٹ) جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا کے وزیر اعظم کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور پارلیمنٹ کو معطل کرنے کا اعلان کیا جب کہ ان کی پارٹی نے نیا سربراہ مقرر کر دیا ۔

 53 سالہ ٹروڈو نے 2015 سے کینیڈا کی قیادت کی اور حالیہ ہفتوں میں وزیرخزانہ کرسٹیا فری لینڈ کے استعفیٰ کے بعد اپنی لبرل پارٹی میں بحران کا سامنا تھا۔

 وزیر خزانہ فری لینڈ کا استعفیٰ، ٹرمپ کی کینیڈا پر محصولات کی دھمکی سبب بنی، ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب سے ٹروڈو عالمی سطح پر پہلے ہی کمزور ہوچکے تھے، کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیئر پوئیلیور ٹروڈو کی جگہ وزیراعظم کے مضبوط امیدوار ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا کہ وہ قیادت کے انتخاب کے بعد دستبردار ہو جائیں گے، اور یہ کہ کینیڈا کی پارلیمنٹ 24 مارچ تک معطل رہے گی۔

 یہ اقدام ٹروڈو کو اعتماد کے ووٹ سے بچنے میں مدد دے گا، جو قبل از وقت وفاقی انتخابات کا سبب بن سکتا تھا۔ 

گزشتہ ماہ وزیر خزانہ فری لینڈ کا استعفیٰ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کینیڈا پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کی دھمکی کے تناظر میں ہوا، فری لینڈ نے ٹروڈو کو لکھا کہ اس کی وجہ سے کینیڈا کو ایک سنگین چیلنج کا سامنا ہے۔ ان کی پارٹی کے 24 ایم پیز کی طرف سے چھوٹی سی بغاوت کا باعث بنی۔

 5 نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد ٹروڈو عالمی سطح پر پہلے ہی کمزور ہو چکے تھے۔ ٹرمپ نے بیانات کا سلسلہ جاری رکھا جس نے اوٹاوا کو امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی جنگ پر بحران کے موڑپر ڈال دیا۔

 ٹروڈو نے کہا کہ یہ بات مجھ پر واضح ہو گئی ہے کہ اگر مجھے اندرونی لڑائیاں لڑنی پڑ رہی ہیں تو میں اس انتخاب میں بہترین آپشن نہیں ہو سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ کرسمس کی چھٹیوں کے موقع پر کیا تھا، اور اتوار کو رات کے کھانے پر اپنے بچوں کو بتایا کہ وہ مستعفی ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

 پولز سے پتہ چلتا ہے کہ 20 اکتوبر تک ہونے والے ووٹ میں لبرلز کو اپوزیشن کنزرویٹو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔اب کئی ہفتوں سے ٹروڈو اپنی پارٹی کے اندر اختلاف کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ 

کینیڈا کے اگلے وفاقی انتخابات 20 اکتوبر 2025 کو یا اس سے پہلے ہونے والے ہیں۔ اس انتخابات میں، ہاؤس آف کامنز میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی پارٹی حکومت بنائے گی، اور اس پارٹی کا سربراہ اگلا وزیر اعظم ہوگا۔ 

کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیئر پوئیلیور فی الحال ٹروڈو کی جگہ کینیڈا کے اگلے وزیر اعظم کے طور پر سب سے آگے ہیں۔ کنزرویٹو رہنما پیئر پوئیلیور سب سے آگے ہیں، جن کے وزیر اعظم بننے کے 92 فیصد امکانات ہیں، جبکہ کرسٹیا فری لینڈ کے 5 فیصد امکانات ہیں۔

کرپٹو پر مبنی پیشن گوئی مارکیٹ ’’پولی مارکیٹ‘‘ نے ٹرمپ کی درست پیشین گوئی کی تھی، نے پوئیلیورو کوکینیڈا کا اگلا وزیراعظم بننے کا92 فیصد موقع فراہم کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید