کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہاہے کہ خان صاحب کو 190ملین کا فیصلہ سامنے لکھا نظر آرہا ہے اس کے علاوہ جو چارج شیٹ جنرل فیض کو ہوئی ہے اس نے پی ٹی آئی کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں،رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر کا کہنا تھاکہ جنرل فیض حمید کے کردار کو مانتا ہوں تاہم حکومت کو بھی بڑا پن دکھانا چاہئے اور کہنا چاہئے کہ ان کو کون چلارہا ہے،میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتےہوئے کہا کہ حکومت کہیں نہ کہیں اپوزیشن کو سہولتیں دے رہی ہے یہ اور بات ہے کہ تحریک انصاف آگے سے نخرے کرتی ہے۔ن لیگ کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ 190 ملین کا ٹرائل بہت تسلی سے ہوا ہے اور دفاع کرنے والوں کو پورا پورا اسپیس دیا گیا ہے اور فیصلہ جب عدالت مناسب سمجھے گی سنا دے گی پی ٹی آئی کیوں عجلت دکھا رہی ہے جبکہ سب جانتے ہیں دو جمع دو چار ہیں۔ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ڈیل ہو رہی ہے جبکہ یہ کہا کرتے تھے ہم چھین لیں گے ۔علیمہ خان اسی طرح کا تاثر دیتی ہیں دوسری سائیڈ پر انہیں کے وکلا اسلام آباد میں بیٹھ کر بات کر رہے ہیں کہ تاخیر ہونے کی وجہ کا تاثر کچھ اور ظاہر کر رہے ہیں۔