• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران سے ملاقات جیل ایس او پی کے تحت ہوگی، طلال چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتےہوئے ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان سے جو ملاقات بھی ہوگی وہ جیل ایس او پی کے تحت ہوگی،سینئر صحافی انصار عباسی نے کہا کہ نظام اسی طرح چلے گا حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دونوں ایک پیج پر ہیں۔میرے خیال سے اسٹیبلشمنٹ کا ٹرسٹ لیول عمران خان سے متعلق بالکل نہیں ہے،میزبان شاہزیب خانزدہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوتے جارہے ہیں مذاکرات کی تیسری نشست کے فوری انعقاد پر خدشات بڑھ گئے ہیں، سوال اٹھ گئے ہیں کہ کون ہے جو مذاکرات کو پٹری سے اُتارنا چاہ رہا ہے۔ پانچویں دن بھی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی جبکہ حکومتی مذاکراتی ترجمان بھی ملاقات کی تاریخیں دے رہے تھے۔ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی خود ان معاملات کی ذمہ دار ہے جب آپ یہ کہیں کہ بغیر سرولینس کے ملاقات کرائی جائے تو ایسی کوئی ملاقات قیدی سے نہیں ہوسکتی جو ملاقات بھی ہوگی وہ جیل ایس او پی کے تحت ہوگی۔یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حکومت کوئی ڈیل یا اسٹیبلشمنٹ کوئی این آر او کرنا چاہ رہی ہے اور عمران خان نہیں کر رہے یہ مذاکرات کی آڑ میں جھوٹا بیانیہ بنا رہے ہیں۔آپ کی خواہش اگر یہ ہو کہ حکومت سے بات کریں اور نو مئی والے معاملہ پر کسی طرح معافی مانگیں اور تاثر برعکس دیں ہم یہ نہیں ہونے دیں گے نو مئی کی بغاوت پاکستان کے خلاف تھی وہ صرف اداروں کا مسئلہ نہیں ریاست کا مسئلہ ہے اور اس پر ہم سب ایک پیج پر ہیں اور اس میں جس جس کی ضرورت ہے جسے آن بورڈ ہونا چاہیے اسٹیبلشمنٹ سمیت اسے ہم کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ابھی تک مذاکرات میں جو وقت ضائع کیا گیا ہے وہ تحریک انصاف نے کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید