کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان میں قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے کے لئے محکمہ توانائی بلوچستان اور انسٹیٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اسٹیڈیز اینڈ پریکٹسز آئی ڈی ایس پی کے درمیان مفاہمی یادداشت پر دستخط کردئیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیکرٹری توانائی بلوچستان داؤد بازئی اور آئی ڈی ایس پی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر قرۃ العین بختیاری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جس کے تحت آئی ڈی ایس پی ملکی سطح پر2030تک 30فیصد قابل تجدید توانائی کے ہدف کے حصول میں محکمہ توانائی بلوچستان کی معاونت کریگا ۔ اس موقع پر داؤ د بازئی اور ڈاکٹر قرۃ العین نے بلوچستان میں مستحکم ترقی اور توانائی کے شعبے میں بہتری کے لئے عزم کا اظہار کیا ۔