• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں، غلام نبی مری

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر اور ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے بلوچستان میں صحت کے نظام کو در پیش سنگین مسائل اور ناقص حکومتی پالیسیوں کے نقصانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ایک موثر نظام کی تشکیل از حد ضروری ہے جس کے لئے پچھلے دنوں گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی۔انہوں نے گرینڈ ہیلتھ الآئنس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں ہیلتھ الآئنس کی کارکردگی قابل قدر ہے جو نہایت سنجیدگی کے ساتھ عوام کی صحت کے مسائل کو اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، سرکاری محکموں کا پرائیویٹائزیشن عوامی حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، نجکاری کی بجائے موجودہ نظام میں اصلاحات کیے جائیں، محکمہ صحت کے ملازمین کے لیے مستقل ملازمتوں سمیت بلوچستان کے ہزاروں بے روزگار ڈاکٹروں، فارماسسٹس، نرسز، فزیوتھراپسٹس، پیرامیڈکس اور دیگر ملازمین کے لیے مستقل بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے اور میرٹ پر بھرتی یقینی بنا کر صحت کے نظام کو فعال کیا جائے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں کو جدید طبی آلات اور سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔ نجکاری کسی مسئلے کا حل نہیں اس کی بجائے ایک منصفانہ اور مؤثر متبادل نظام تشکیل دیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید