• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کی بھرمار، ضلع انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے خاموش

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد کی ضلع انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے خاموش‘ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر عارضی تجاوزات کی بھرمار‘پیپلز بس سروس کے روٹس پر بھی ٹھیلے اور پتھارے قائم‘ حیدر چوک اور وادھو واہ روڈ کے دونوں اطراف فٹ پاتھ پر شو روم مالکان نے گاڑیاں کھڑی کرکے ضلع انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے محکمہ آبپاشی کی زمین واگذار کرانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں‘ گزشتہ روز بھی محکمہ روینیو کے افسران نے افسران کی ہدایت پر قاسم آباد میں وادھو واہ کی بحالی کیلئے انسداد تجاوزات کی کارروائی جاری رکھی‘ اس دوران بھاری مشینری کے ذریعے پختہ عمارتوں کو منہدم کردیا گیا دوسری جانب ضلع انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے دہرے معیار کی پول بھی کھل گئی ہے کیونکہ شہر بھر کی سڑکوں اور فٹ پاتھ پر شو روم مالکان‘ ٹھیلے اور پتھارے والوں نے عارضی قبضے کیے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کے سنگین مسائل سمیت شہریوں کو دیگر مشکلات بھی پیش آرہی ہیں‘ وادھو واہ کے دونوں اطراف بااثر شوروم مالکان نے فٹ پاتھ پر گاڑیاں کھڑی کرنے کو وطیرہ بنایا ہوا ہے جبکہ پیپلز بس سروس کے روٹس حیدر چوک سے بالخصوص گدو ناکہ تک ٹھیلے اور پتھاروں کی بھرمار ہے جس کو ہٹانے میں ضلع انتظامیہ ٹھوس اقدامات اٹھانے سے گریزاں ہیں جبکہ بلدیاتی اداروں کے افسران نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے دوسری جانب صدر‘ تلک چاڑی‘ کلاتھ مارکیٹ‘ لطیف آباد نمبر 8،11،12اور درجن سے زائد دیگر علاقوں میں بھی عارضی تجاوزات برسوں سے قائم ہیں جن کو مسمار کرنے کے لیے کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید