کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف تکتو ٹاؤن کے صدر وصیل خان اور واصف آغا نے کہا ہے کہ تکتو ٹاؤن کی کابینہ تحلیل کرنے کے غیر آئینی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،آئین کے دائرئے میں رہتے ہوئے غیر آئینی فیصلے کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کابینہ پارٹی کے آئین اور اصولوں کے تحت یونین کونسل اور یونٹ کی سطح تک پارٹی کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کررہی ہے تاہم صوبائی صدر نے ایک غیرآئینی نوٹیفکیشن کے ذریعے تکتو ٹاؤن کی کابینہ تحلیل کرکے آئین اور تنظیمی ڈھانچہ کے خلاف اقدام اٹھایا ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین کے مطابق تنظیمی تنازعات کے حل کیلئے صوبائی ایس سی اے ڈی ہونا ضروری ہے اس کے غیرفعال ہونے کی وجہ سے صدر نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت تنظیمی فیصلے بغیر انکوائری اور متعلقہ افراد کو صفائی کا موقع دیئے بغیر نہیں کئے جاسکتے لیکن اس معاملے میں ایسا کوئی عمل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس غیرآئینی اقدام کو مسترد کرتے اور مرکزی قیادت و مرکزی ایس سی اے ڈی سے اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تکتو ٹاؤن کی تنظیم اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی اور نچلی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کی کوشش اورآئین کے دائرہ کار میں رہ کر غیرآئینی فیصلے کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔