کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاک محرم ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاراچنار غزہ کا منظر پیش کررہا ہے،حکمرانوں کی عدم توجہی نے کرم ایجنسی پاراچنار کے مسئلے کو سنگین بنا دیا ہے، پاراچنار کے عوام خوراک اور دیگر ضروری سہولتوں کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں،محاصرے میں ادویہ کمی سے 130سے زائد معصوم بچوں کی شہادتیں ہوچکی ہیں اور زندگی مفلوج ہوگئی ہے، پارہ چنار کی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دیئے گئے دھرنوں پر کراچی میں ریاستی تشدد کی مذمت کرتے ہیں،مقدمات واپس لئے جائیں اور بے گناہ افراد کو رہا کیا جائے،نہتے شہریوں پر دھاوا بول کرسندھ حکومت نے اپنے قائد ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری فکر و اقدار کو پامال کیا ہے، پیپلزپارٹی کو اس فسطائیت اور غیر قانونی فیصلوں کی سیاسی قیمت چکانی پڑے گی، ان کا کہنا تھا کہ پارا چنار کے حالات دانستہ طور پر کشیدہ کیے جارہے ہیں،لاکھوں کی آبادی محصور انسانی زندگیوں کوشدید خطرات لاحق ہیں، ضلع کرم میں شیعہ وسنی عوام کبھی بھی لڑائی نہیں چاہتے، دونوں فریقین کی رضامندی سے امن معائد ے پر عمل درآمد کی ذمہ داری اب حکومت پر عائد ہوتی ہے، بگن میں سرکاری اہلکاروں پر دہشتگردانہ حملے ڈی سی کرم اور ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں،کانفرنس میں علامہ حسن ظفر نقوی،علامہ باقر عباس زیدی،علامہ صادق جعفری،علامہ مختار امامی،علامہ مبشر حسن،مولانا اسحاق قرایتی،ملک غلام عباس،ناصر الحسینی اور دیگر موجود تھے۔