• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوتھے اُڑان پاکستان کی تیاری، ہماری 3 اُڑانیں کریش ہوچکیں، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’ کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید رکھتا ہوں آنے والے دنوں میں ٹمپرچر کم ہوگا،190ملین کا کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، کشمیر کبھی نہ بھارت کا اٹوٹ انگ تھا اور نہ کبھی ہوگا ، جہاں تک اُڑان پاکستان کی بات ہے تو پاکستان نے چوتھے اُڑان پاکستان کی تیاری کی ہے اس سے پہلے ہماری تین اُڑانیں کریش ہوچکی ہیں۔جو ممالک بھی تنزلی کی فہرست سے نکل کر ترقی کے فہرست میں گئے ہیں وہاں چار چیزیں مشترک نظر آتی ہے جن میں سب سے پہلی چیز امن ہے دوسرا سیاسی استحکام تیسرا پالیسیز کی کامیابی کے لیے کم سے کم دس سال کا دورانیہ چاہیے ہوتا ہے چوتھا اصلاحات کا ایجنڈا ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے مستقبل کو سنجیدگی سے لینا ہوگا 2047ایک حقیقت ہے دو ملک اس وقت آزادی کی خوشیاں منارہے ہوں گے اور ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پڑوسی کا بیانیہ کیا ہوگا اور ہمیں ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل میں اپنے بیانیہ سے متعلق سوچنے کی ضرورت ہے۔ اُڑان کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان ماضی میں تین اُڑانوں میں کریش کرچکا ہے سب سے پہلے ہم نے اُڑان بھری 1960میں جب کہا جاتا تھا کہ جاپان کے بعد اگلا جاپان ایشیا میں پاکستان ہوگا۔ 65کی جنگ نے ڈی ٹریک کردیا۔ صوبوں کو مقابلہ کرنا چاہیے کہ کون زیادہ بہتر ڈیلیوری دے سکتا ہے۔آج عالمی کٹہرے میں پاکستان کو نہ اسرائیل کھڑا کر رہا ہے نہ انڈیا بلکہ انہیں شاید ہمارے اپنے لوگوں کا کاندھا مل گیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو عالمی کٹہرے میں لایا جاتا ہے ۔ انڈیا میں بہت پولرائزیشن ہے لیکن کبھی کیا مودی کے باہر جانے پر ہندوستانی کوئی احتجاج کرتے ہیں۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ میں امید رکھتا ہوں آنے والے دنوں میں ٹمپرچر کم ہوگا۔ 190ملین کا کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔
اہم خبریں سے مزید