اسلام آباد( رپورٹ :حنیف خالد )پاکستان کی قومی ایئر لائن آج جمعہ کے روز یورپ کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کریگی خواجہ آصف آج 54 مہینوں بعد پیرس جانے والی پہلی پرواز کے مسافروں کو رخصت کرینگے ، پہلی پرواز اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگی طیارےمیں 323 سیٹوں کی گنجائش ،پہلی پروازسے پی آئی اے کو گیارہ کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل ہوگا جس کیساتھ ہی یورپی آپریشنز کی تقریباً چار سالہ معطلی ختم ہو جائیگی یہ معطلی مئی 2020 میں کراچی میں ہونیوالے پی آئی اے طیارہ حادثے کے بعد کی گئی تھی جس میں 97 افراد جاں بحق ہوئے تھے اس کے بعد ایک سابق وزیر ہوابازی کے بیان نے عالمی سطح پر تحفظات پیدا کئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ تقریباً 40فیصد مقامی پائلٹس کے لائسنس مشکوک ہیں اسکے نتیجے میں یورپی ریگولیٹرز نے پی آئی اے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ پی آئی اے کے مطابق ابتدائی طور پر دو ہفتہ وار پروازیں جمعہ اور اتوار کو چلائی جائیں گی جن کی تعداد بتدریج بڑھائی جائیگی ،یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی پی آئی اے کی آمدنی میں اضافہ کریگی اور اسکی نجکاری کے امکانات کو بہتر بنائیگی، جنگ کو معلوم ہواہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر دفاع و ایویشن ڈویژن خواجہ آصف کو چار سالبعد اسلام آبادسے پیرس براہ راست پرواز کے تین سو سے زائد مسافروں کو انکی طرف سے ائیرپورٹ پر الوداع کرنے کا کہاہے خواجہ آصف روانگی کے موقع پر تقریب سے خطاب میں نہ صرف پوری قوم بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد بھی پیش کرینگے چا رسال قبل پی ٹی آئی حکومت کے وزیر ہوابازی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سرکاری ائیر لائیں کے 40فیصد پائلٹوں کے لائسنس مشکوک قرار دیکر سرکاری فضائی ائیر لائیں کو بحران سے دوچار کیا مگر پی ایم ایل نون کے وزیر اعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم نے مسلسل کاوشوں سے براہ راست یورپی پروازوں کو آج سے بحال کر دیا ہے،پی آئی اے کی پیرس کیلئے پہلی پروازکی تقریباً تمام سیٹیں بُک ہوگئی ہیں۔