کرائسٹ چرچ( نیوز ڈیسک)سری لنکن آف اسپنر مہیش ٹھیکشانا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ہیٹ ٹرک کرکے سال 2025میں پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر ہےجہاں گزشتہ روز دونوں ٹیموں کے درمیان 3میچز کی سیریز کا دوسرا ون ڈے کھیلا گیا۔سری لنکن آف اسپنر مہیش ٹھیکشانا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ٹھیکشانا نے 35ویں اوور کی آخری 2گیندوں پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر اور ناتھن اسمتھ کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کیا اور پھر 37ویں اوور کی پہلی گیند پر میٹ ہنری کو پویلین واپس بھیجا۔ٹھیکشانا نیوزی لینڈ کی سرزمین پر ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے سری لنکن بولر بن گئے۔جبکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سری لنکا کے ساتویں بولر ہیں۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 8 اوورز میں 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ 256رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم 31ویں اوور میں 142 رنزپرڈھیرہوگئی، یوں میزبان نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔