کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہید ملت روڈ ٹیپو سلطان پل کے قریب جمعہ کی صبح تیز رفتارواٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار 2 دوستوں کو ٹکر مار دی جس سے 55 سالہ سید نعمان ولد سید مرغوب علی اور47 سالہ محمد اسرار ولد محمد یاسین جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا جس کی شناخت نہ ہوسکی،موقع پر موجود شہریوں نے ڈرائیور شہزاد کو پکڑ لیا اور مشتعل مظاہرین نے ٹینکر کو آگ لگا دی ، پولیس نے ڈرائیو رکو اپنی حراست میں لے لیا،ایس ایچ او کے مطابق دونوں متوفی آپس میں دوست اورکورنگی مہران ٹاون کے رہائشی تھے،واضح رہےکہ رواں برس کے پہلے دس روز کے دوران ٹریفک حادثات میں اب تک 24 افراد جاں بحق اور 260 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں،دریں اثنا گھگھر پھاٹک پل کے قریب تیز رفتارواٹرٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 32 سالہ فیض محمد جاں بحق ہوگیا، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیورٹینکر سمیت موقع سے فرارہوگیا،متوفی اسٹیل ٹائون کا رہائشی تھا، کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب تیز رفتارموٹرسائیکل بے قابو ہو کر نالے میں جاگری،حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 22 سالہ عبداللہ ولد نصیب غنی موقع پر جاں بحق اور بھائی 20سالہ سجاد شدید زخمی ہوگیا،دونوں بھائی صنعتی ایریا میں کام کرتے تھے اور واپس اپنے گھر واقع کٹی پہاڑی جارہے تھے ، ایئر پورٹ سے اسٹار گیٹ جاتے ہوئے دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد معمولی زخمی ہوگئے، ایک گاڑی مکمل تباہ ہوگئی،علاوہ ازیں گارڈن عظیم پلازہ کے قریب بجلی کے سب اسٹیشن میں گھس کر بجلی کی تاریں کاٹنے کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک 30 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہو گیا، پولیس کے مطابق متوفی ہیروئین کے نشے کا عادی تھا ، نیو کراچی بشیر چوک ندی کے قریب سے65 سالہ باریش بزرگ کی لاش ملی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ۔