کراچی(اسٹاف رپورٹر)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی سے کرم ایجنسی کے سابق وزیر ساجد طوری نے زہرا اکیڈمی میں ملاقات کرکے پاراچنار کے اہم مسائل پر گفتگو کی ، اس موقع پر علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کراچی بھر میں پارا چنار کی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دیے جانے والے دھرنوں میں انتظامیہ کی جانب سے بے گناہ عالم دین اور نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جس میں کچھ بچے 18 سال سے کم عمر اور کچھ معذور ہیں اس واقعے سے ملت جعفریہ میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ، پولیس کی جانب سے ملیر 15 پر فائرنگ سے دو نوجوان شبیہ حیدر اور علی رضا شہید ہو گئے ان کے ورثاء بھی انصاف کے منتظر ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ جلد شہدا کی فیملیوں کو انصاف ملے گا ، ساجد طوری کا کہنا تھا کہ ہم قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کاوشوں سے آج ملک بھر میں اتحاد بین المومنین کی اچھی فضاء قائم ہے۔