کراچی (نیوز ڈیسک) لکی مروت میں سرکاری ملازمین کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اغوا کئے گئے ملازمین کی شدت پسندوں کی تحویل سے ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مغوی اپیل کر رہے ہیں کہ اغوا کاروں کیساتھ مذاکرات کیے جائیں تاکہ ان کی بازیابی ہو سکے اور طاقت کا استعمال نہ کیا جائے، ویڈیو میں مغوی کہتا ہے کہ ہم 10 افراد ان کی تحویل میں ہیں، ہمارے رہائی کیلئے اغوا کاروں کیساتھ مذاکرات کئے جائیں۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لگ بھگ 10افراد ایک نا معلوم مقام پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس ویڈیو میں ایک مغوی یہ کہہ رہے ہیں کہ گذشتہ روز جو کارروائی ہوئی ہے اس میں 7افراد رہا کر دیا گیا تھا کیونکہ وہ معذور تھے اور وہ ادویات لے رہے تھے اس لئے ان کو خود سے رہا کر دیا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں مغوی کہہ رہے ہیں کہ آج جمعہ ہے اور 10 تاریخ ہے اب ہم 10مغوی ان کی تحویل میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ ’افسران بالا سے درخواست کرتے ہیں ان اغوا کاروں کے ساتھ زور آزمائی کی جائے نہ ہی چھاپے مارے جائیں یا حملے کئے جائیں۔ اس سے ہمیں جانی نقصان کا خطرہ ہے۔‘ انھوں نے اپیل کی کہ ان اغوا کاروں کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں تاکہ تمام دس مغویوں کی رہائی ممکن ہو سکے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز اغوا کے بعد یہ تیسری ویڈیو ہے جو مسلح شدت پسندوں کے تحویل سے جاری کی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جمعہ کی صبح سے دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے اور اس کے لئے تمام ممکنہ وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔