• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلے سے پہلے حکومت PTI الزامات، 190 ملین کیس سے ملک کی بدنامی ہوئی، فیصلہ حقائق پر مبنی ہوگا، خواجہ آصف، واضح ہے فیصلہ کہاں لکھا گیا، اسد قیصر

اسلام آباد، کراچی، سیالکوٹ (ایجنسیاں، اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ ) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ آج صبح 11بجے سنایا جائیگا، جج کی رخصت کے باعث فیصلہ 6جنوری کو موخر کر دیا گیا تھا، عدالتی فیصلے سے قبل ہی حکومت اور تحریک انصاف نے ایک دوسرے پر الزامات لگانے شروع کر دیئے، وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 190 ملین کیس سے ملک کی بدنامی ہوئی، فیصلہ حقائق پر مبنی ہوگا، اسد قیصر نے کہا واضح ہے فیصلہ کہاں لکھا گیا، شیخ وقاص نے کہا قوم کی نظریں آج کے فیصلے پر ہے، ملک کے عدالتی نظام کا مذاق اڑایا جارہا ہے، سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ عمران خان کو دوران وزارت کہہ دیا تھا آپ کو جیل ہوگی، ن لیگ کے طلال چوہدری نے کہا عمران خان نے چوری چھپانے کیلئے القادر ٹرسٹ بنایا، صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کے بعد مذاکراتی عمل اور ہمارے رویوں میں تلخی آئیگی، علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا عمران خان نے کسی قسم کا فائدہ نہیں لیا اسکے باوجود انہیں سزا دیدی گئی تو دنیا میں کیا پیغام جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والےابسلوٹلی ناٹ اور غلا می نامنظور کے نعرے لگاتے تھے اب با جماعت لیٹ گئے ہیں۔اتوار کو سیالکوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے خزانے کو عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کا نقصان پہنچایا جبکہ بتایا یہ گیا اس رقم سے چار سو ایکڑ اراضی پر سوہاوہ میں القادر ٹرسٹ یونیورسٹی بنائی ہے، وہاں کیا تعلیم دی جاتی ہے میڈیا کو جا کر دیکھنا چاہیے،9 مئی سمیت تین حملے کئے جو ناکام ہو ئے انکا احتساب جاری رہیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان سمیت وکلا جو تقریبا ایک ارب کے قریب فیس لے چکے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ عمران خان باہر آئیں وہ انہیں سیاسی طور پر کیش کروا کر خود کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ پہلے سے طے شدہ ہے، خواجہ آصف،طلال چوہدری کی پریس کانفرنس سے واضح ہوگیا انہیں فیصلے کاعلم ہے،کیس میں شفاف ٹرائل نہیں ہوا، نہ بانی کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد ملے،یہ فیصلہ حکومت کے بھی علم میں ہے جو سراسر انصاف کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو متنازع بنا کرمن پسند فیصلے لیں گے تو انصاف کی توقع نہیں رکھنی چاہیے،حکومتی نمائندوں کو القادر ٹرسٹ کے فیصلے کا پہلے سے معلوم ہے۔ ادھر پی ٹی آئی کہ مذاکراتی کمیٹی نے کہا ہے کہ ہم کوئی این آر او یا ایگزیکٹو آرڈر نہیں چاہتے،ہم چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی عدالتوں سے سرخرو ہوکر نکلیں۔ مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلہ کا مذاکرات پر کیا اثرات پڑتے ہیں، ہم جانتے ہیں کیا فیصلہ آئیگا اور جو آئیگا وہ پاکستان کیلئے نیک نامی کی وجہ نہیں بنے گا۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ کسی بھی دوسرے ملک میں ٹرسٹ بنانے پر نوبل پرائز دیا جاتا ہے، یہاں فلاحی کام کرنے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ القادر ٹرسٹ سے کسی نے ذاتی فائدہ نہیں اٹھایا، القادر ٹرسٹ کا پیسہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں نہیں آیا، نیب نے جو گواہان پیش کئے انہوں نے ثبوت دے دیئے کہ بانی پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں پیسے نہیں آئے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ 190 ملین پیسے پاکستان آئے اچھی بات ہے۔ انہوںنے کہاکہ القادر ٹرسٹ میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا کوئی تعلق نہیں، القادر ٹرسٹ میں خان صاحب کی بریت ہونی چاہیے۔ تحریکِ انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے وزیر دفاع اور گورنر خیبر پختونخوا کے بیانات پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک ٹوئٹ کرتے ہیں تو ان سب کی چیخیں نکل جاتی ہیں، مسلم لیگ کی قیادت مذاکرات کو سبوتاژ کر رہی ہے، خواجہ آصف مایوسی پھیلا رہے ہیں، کنفیوزڈ بندہ وزیر دفاع کیسے ہو سکتا ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی بھی این آر او نہیں لیں گے، این آر او لینے والے اب رائیونڈ میں آرام کر رہے ہیں۔ دوسری جانب سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ پر عمران خان سے کہا تھا یہ نہ کریں، آپ کو سزا ہوگی، پیر سے پاکستان کیلئےکچھ اچھا ہونے جا رہا ہے۔ کراچی میں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات کا پروپیگنڈا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کومروانے تک کی سازش ان کے قریبی لوگوں نے کی، دوسرا پروپیگنڈاچل رہا تھا کہ مذاکرات چل رہے ہیں، اندرونی اور بیرونی پریشر ہے، ڈرامہ تھاکہ پریشرہے، بین الاقوامی پریشر ہے، یہ ڈراماختم ہوا، مقبول ہونے کا یہ مقصد نہیں کہ آپ ہر چیز سے بالاتر ہیں، آپ نے غنڈہ گردی کر کے بھی دیکھ لی کچھ نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھاکہ 190 ملین پاؤنڈ پر بانی سے کہا تھا یہ نہ کریں، آپ کو سزا ہوگی، جب یہ کام ہورہا تھامجھے پتاتھا چوری کی سزا ہونی ہی ہونی ہے، میں نے پہلے ہی بانی پی ٹی آئی کوکہاتھا کہ ایسے کام نہ کریں نیب کا کیس بن جائیگا، اس سےکسی نے بھی فائدہ اٹھایا دستخط تو آپ نے کیے۔

اہم خبریں سے مزید