اسلام آباد (ایجنسیاں)اسلام آباد میں منعقدہ مسلم ورلڈلیگ کانفرنس نے تعلیمی بجٹ میں اضافے کامطالبہ کیاہے جبکہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے والی نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ایکٹوسٹ ملالہ یوسف زئی ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ دنیا میں 12 کروڑ‘پاکستان میں سوا کروڑ لڑکیاں اسکول نہیں جارہیں‘طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے‘ انہوں نے ایک دہائی سے خواتین کو تعلیم سے محروم کر رکھا ہے‘افغان حکومت کو قانونی حیثیت نہ دی جائے ‘طالبان اپنے جرائم کو مذہب اور کلچر کے پیچھے چھپاتے ہیں‘ہمیں طالبان کے کسی جواز کو تسلیم نہیں کرنا چاہیے‘خواتین کے خلاف طالبان کی پالیسیاں اسلام کے خلاف ہیں‘طالبان انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں‘اسرائیل نے غزہ میں پورا نظام تعلیم تباہ کردیا۔اتوار کو یہاں مسلمان معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر دو روزہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ پاکستان سے میں نے اپنا سفر شروع کیا اور میرا دل ہمیشہ پاکستان میں رہتا ہے‘پاکستان میں سوا کروڑ سے زائد لڑکیاں اسکول نہیں جاتیں جو دنیا میں تعلیم سے محروم لڑکیوں کی سب سے زیادہ تعداد میں شامل ہے‘مجھے خوشی ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق یہ کانفرنس پاکستان میں ہورہی ہے اور یہاں اس سلسلے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل نے اسکولوں کو تباہ کردیا ہے، غزہ میں 90 فیصد یونیورسٹیاں بھی تباہ ہوچکی ہیں، ایک فلسطینی لڑکی اپنا مستقبل نہیں بنا سکتی اگر وہ اسکول نہیں جاسکتی‘اس کانفرنس کا مقصد پورا نہیں ہوگا اگر ہم افغان لڑکیوں کی تعلیم کی بات نہ کریں‘طالبان نے خواتین کے حقوق چھیننے کیلئے 100 سے زائد قانون سازیاں کی ہیں‘طالبان اپنے جرائم کو ثقافت اورمذہبی جواز کے طور پر پیش کرتے ہیں، ہمیں یہ بات بالکل واضح کرنی چاہیے کہ اس میں کچھ بھی اسلامی نہیں ہے‘ طالبان کی پالیسیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں، کسی بھی ثقافت یا مذہبی عذر سے اس کا جواز پیش نہیں کیا جاسکتا‘افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کو حقوق سے محروم کرنے کے لیے ہمارے مذہب اور عقیدے کا استعمال کیا جا رہا ہے جسے ہمیں مل کر روکنا ہوگا۔ملالہ یوسفزئی نے کہاکہ دنیا کے رنگوں میں پاکستانی لڑکیوں کا حصہ بھی درکارہے، ہرلڑکی کا حق ہے کہ وہ 12 سال کیلئے اسکول جائے ، خواتین کی تعلیم میرے دل کے بہت قریب ہے، سیکھنا ہماری اسلامی تعلیمات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے خواتین کا کردار اتنا ہی اہم ہے جتنا مردوں کا‘یہ حقیقت ہے کہ بیشترحکومتیں لڑکیوں کی تعلیم کو نظرانداز کرتی ہیں، نظرانداز کئے جانے کے باوجود آج لڑکیوں کی تعلیم کا معاملہ مختلف نظر آرہا ہے۔اسلام آباد میں منعقدہ عالمی سکول گرلز کانفرنس کے اختتام پر ’اعلانِ اسلام آباد‘ جاری کر دیا گیا ہے جس میں حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ تعلیمی وسائل کے لیے بجٹ میں اضافہ کریں، سکالرشپس فراہم کریں، اور جدید ڈیجیٹل مواد کی تیاری کو ممکن بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں میں تعلیم کی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مذہبی رہنماؤں کو تعلیم کے اسلامی اصولوں کو اجاگر کرنے اور عوامی شعور بیدار کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔اتوار کو دو روزہ کانفرنس کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تعلیم ہر لڑکی کا بنیادی حق ہے ا’اعلانِ اسلام آباد‘ میں تنازعات اور معاشرتی کشیدگی سے متاثرہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔اعلامیہ میں مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے جامع سفارشات پیش کی گئی ہیں ساتھ ہی تعلیمی اداروں اور پالیسی ساز اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اسلامی اقدار کے مطابق ایسی پالیسیاں تشکیل دیں جو تعلیم کو فروغ دیں اور اسے قومی ترقی کا حصہ بنائیں۔کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مذہبی نصوص کی درست تشریح کی جائے تاکہ غلط فہمیوں کا خاتمہ ہو اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔’اعلانِ اسلام آباد‘ میں شرکا نے زور دیا کہ اسلامی معاشروں میں تعلیم کو فروغ دینے کے لیے مذہبی احکامات کی صحیح تشریح کو یقینی بنایا جائے اور غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جائے۔ دریں اثنا مسلم ورلڈ لیگ اور حکومتِ پاکستان کے اشتراک سے لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام کو پہنچ گئی ہے جس میں اسلامی دنیا کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کوئی بھی لڑکی تعلیم سے محروم نہیں رہے گی۔۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب میں چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی، ورلڈ مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی اور وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں مسلم معاشرے میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے بھی اس کانفرنس کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا ان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لڑکیوں کے لیے تعلیم کے راستے میں آئی ٹی کا کردار، امن و امان، اور دیگر معاشی و معاشرتی رویے انتہائی اہم ہیں۔ ’مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس لڑکیوں کی تعلیم کے لیے راستے متعین کرنے کا ایک اہم موقع ثابت ہوئی ہے۔