• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی کمیشن نہ بنایا تو مذاکرات آگے نہیں، تحریک انصاف، عمران سے جیل میں 5 رہنماؤں کی ملاقات

راولپنڈی(نمائندہ جنگ،خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے پانچ ارکان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بھی علیٰحدگی میں ملاقات کی۔

 تحریک انصاف نے کہا کہ عدالتی کمیشن نہ بنایا تو مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے، حامد رضا نے کہا کہ جتنی لچک دکھا سکتے تھے دکھا دی، مطالبات تحریری شکل میں فراہم کردینگے، این آر او یا ایگزیکٹو آرڈر نہیں چاہتے، ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ مذاکرات کا اگلا دور آج یا کل ہوسکتا ہے، اتوار کو چھٹی کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا خصوصی طور پر بندوبست کیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق اتوار کی دوپہر پہلے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈا پور سرکاری پروٹوکول میں جیل پہنچے جہاں انہوں نے علیٰحدگی میں بانی پی ٹی آئی سے جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کی۔

 بعد ازاں مذاکراتی ٹیم کے ارکان اسد قیصر، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور علامہ راجہ ناصر عباس اڈیالہ جیل پہنچے ، سلمان اکرم راجہ اور حامدخان ملاقات کیلئے نہ آئے ۔

ادھر ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا پیغام ملنے کے بعد حکومت نے ملاقات کا انتظام کیا، حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے مذاکرات کا اگلا دور کل یا منگل کوہوسکتا ہے فریقین میں تلخیاں اور سیاسی کشیدگی کے خاتمے میں سپیکرنے کلیدی کردار ادا کیا ہےوہ افہام و تفہیم کیساتھ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں اب بھی خلوص نیت سے مذاکرات میں سہولت کاری کررہے ہیں یہ انکی ہی کامیابی ہے کہ ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملا نے والے آج ایک میز پر بیٹھے ہیں حکومت اور اپوزیشن سپیکر کی سہولت کاری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کی بہتری کیلئے کام کریں سپیکر نے ایک فورم فریقین کو فراہم کردیا ہے۔

ادھر مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے ملاقات کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 31 جنوری تک غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو مذاکرات آگے نہیں چل سکتے ، ابھی تک مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہوسکی، تیسری میٹنگ میں پیشرفت کرنا ہوگی، دو مطالبات تحریری شکل میں فراہم کردیں گے۔

بانی کیساتھ تفصیلی ملاقات کنٹرولڈ ماحول میں تھی،بانی پی ٹی آئی نے گائیڈ لائنز جاری کی ہیں گزشتہ رات ہمیں2بجے آگاہ کیا گیا جس کے باعث حامد خان اور سلمان راجہ بروقت نہیں پہنچ سکے۔

اہم خبریں سے مزید