کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ مسلم حکمرانوں نے امریکی غلامی ترک نہ کی تو غزہ اور لبنان کے بعد کوئی اور اسلامی ملک بھی محفوظ نہیں رہے گا، مسلم حکمران اتحاد کا مظاہرہ کریں تو قبلہ اول ضرور آزاد ہوگا، عوام امریکی واسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، اسرائیل صرف اور صرف امریکا کی وجہ سے انسانوں کا قتل عام کررہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسرائیلی دہشت گردی وجارحیت کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت ساحل سمندر مین سی ویو روڈ پر عظیم الشان ”غزہ مارچ“ میں شریک ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں نشان پاکستان پارک سے مین سی ویو روڈ پر ریلی بھی نکالی گئی۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ 450دن گزر گئے ہیں،اسرائیل معصوم بچوں اور خواتین پر بمباری کررہا ہے۔57اسلامی ممالک اور 70لاکھ افواج خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مسلم دنیا کے ممالک کے پاس بہترین جنگی ساز وسامان اور وسائل موجود ہیں، بحیثیت امت مسلمہ او آئی سی کی ذمہ داری ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف راست اور عملی اقدمات کریں۔ غزہ مارچ“ سے سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز، سی ای او الخدمت و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نوید علی بیگ، امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، فلسطین فاؤنڈیشن کے سربراہ صابر ابومریم، اسعد اعجاز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے مزیدکہا کہ کراچی نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ اہل کراچی کے دل غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ مختصر وقت میں اہل کراچی گھروں سے نکل کر فلسطین سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔ 7اکتوبر کو حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ حماس کے مجاہدین اورہزاروں خواتین اور بچوں کی قربانیوں کی وجہ سے اسرائیل کے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلیں اور ان کے حق میں آواز اٹھائیں۔ انسانیت کی بات کرنے والے آج خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ یورپی ممالک میں کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات بھی اپنی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ جو لوگ فلسطین کو آگ اور خون میں تبدیل کرنا چاہتے تھے۔اللہ تعالیٰ نے آسمانی آفت کے ذریعے امریکا کے آدھے ملک کو جلاکر خاک کردیا۔